پاکستان2017ء میں تیزی سے معاشی ترقی کرنیوالااسلامی ملک ہوگا،برطانوی جریدے کی پیشگوئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 11 جنوری 2017 21:43

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جنوری2017ء): معروف برطانوی اقتصادی جریدہ " دی اکانمسٹ" نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی 2017ء میں دنیا میں تیزی سے معاشی ترقی کرنے والے اسلامی ملک کی حیثیت سے پیشن گوئی کی ہے ۔پاکستان 5.3فیصد متوقع جی ڈی پی گروتھ کی شرح کے ساتھ اسرائیل کی 4فیصد جی ڈی پی گروتھ سے بھی آگے ہے اس طرح پاکستان دنیا میں تیزی سے معاشی ترقی کرنے والا دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جریدہ ہفتہ میں دو بار عالمی اعداد وشمار پیش کرتاہے جو معاشی اور مالیاتی اشاریوں کے جدول کی صورت میں ویب سائٹ پر بھی شائع ہوتا ہے جس نے امریکہ کی معروف ہاورڈ یونیورسٹی کے اس جائزہ کو تقویت دی ہے کہ آئندہ عشرہ میں پاکستان کی شرح نمو 5فیصد سے بھی زیادہ رہے گی ، جریدے نے 2014ء میں پاکستان کو دنیا کی چھٹی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت قراردیاتھا اس سال پاکستان سے جن چارممالک کی معیشت پاکستان سے آگے ہے ان میں چین 6.4فیصد، فلپائن 6.4فیصد، ویتنام 6.4فیصد اور بھارت 7.5 فیصد شامل ہیں تاہم پاکستان کی معیشت انڈونیشیا ، ملائیشیا ،مصر اور ترکی سے آگے ہے۔ جو بالترتیب 5.2فیصد، 4.6فیصد ، 4فیصداور 2.9فیصد ہے۔