اسلام آباد کے طلباوطالبات کیلئے جدید بسیں تعلیمی اداروں کے حوالے کرنے کی تقریب کی جھلکیاں

وزیراعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کی نگران مریم نواز شریف، وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیزکی شرکت اسلام آباد کے سپیشل ایجوکیشن کے سات تعلیمی اداروں کے خصوصی بچوں نے بھی تقریب کی،بینائی سے محروم طالبہ نے نعت پیش کی، وزیراعظم نے بچی کو سٹیج پر بلا کر اس کی صلاحیتوں کی تعریف کی گونگی بہری بچی نے اشاروں کی زبان میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا

بدھ 11 جنوری 2017 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایک پروقار تقریب میں 35 سکول بسیں اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے حوالے کیں۔ تقریب میں وزیراعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کی نگران مریم نواز شریف، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ممبران پارلیمنٹ، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز، ڈپٹی میئرز، سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور پرنسپلز اور چار ہزار سے زائد بچوں نے شرکت کی، اسلام آباد کے سپیشل ایجوکیشن کے سات تعلیمی اداروں کے خصوصی بچوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

بدھ کو کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو تمام ملک کیلئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں، اس کیلئے مزید فنڈز مہیا کریں گے، اسلام آباد کے تمام 422 تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی جائے اور وہاں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو ہدایت کی کہ طالب علموں کیلئے مزید 130 بسوں کی خریداری کا عمل جلد شروع کیا جائے تاکہ طلباء خصوصاً طالبات کو تعلیمی اداروں تک رسائی میں آسانی ہو۔

تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب کے دوران خصوصی بچے بھی دوسرے بچوں کے ساتھ پیش پیش تھے۔ بینائی سے محروم ایک طالبہ نے نعت پیش کی۔ وزیراعظم نے بچی کو سٹیج پر بلا کر اس کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ بچوں نے بسوں کا تحفہ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شکریہ ادا کرنے والوں میں ایک گونگی بہری بچی بھی شامل تھی جس نے اشاروں کی زبان میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم اور مریم نواز نے اس بچی کو سٹیج پر بٹھایا اور بقیہ تقریب کے دوران اپنے ساتھ رکھا۔ وزیراعظم نے گتے سے بنی چابی کا ماڈل سکول کے بچوں کو دیا۔ تقریب کیلئے ایک منفرد نوعیت کا کیک بھی تیار کیا گیا جو 2 فٹ کی سکول بس کا ایک ماڈل تھا۔ وزیراعظم نے بچوں کے ہمراہ یہ کیک کاٹا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم، مہمانوں اور بچوں نے بس پر سفر بھی کیا۔

بس نے سکول گرائونڈ کا چکر لگایا۔ وزیر مملکت برائے کیڈ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہماری اصلاحات کا محور طالب علم ہیں جن کیلئے معیار تعلیم میں بہتری لانا ہمارا مقصد ہے۔ مریم نواز نے بھی بچوں سے خطاب کیا۔ ان کی تقریر کے دوران بچوں نے خاصے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا موضوع ان کی دل کے قریب تر ہے، ملک میں پہلی مرتبہ پبلک سیکٹر میں مونٹیسوریز کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے بچوں کی ابتدائی سالوں میں تربیت کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکول بسیں دیہی علاقوں سے آنے والے طلباء کیلئے خصوصی سہولت مہیا کریں گی اور بچیوں کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد گار ہوں گی۔