چیف جسٹس ہائیکورٹ نے دریائے راوی کے پانی کی صفائی کیلئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا

عدالت کا دریائے راوی کے پانی کی صفائی کے لئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عملد رآمد کا حکم ، مزید سماعت 20جنوری تک ملتوی

بدھ 11 جنوری 2017 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے دریائے راوی کے پانی کی صفائی کے لئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیاہے ۔فاضل عدالت نے مذکورہ منصوبے پر شروع کئے جانے والے کام کی عبوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت20 جنوری ملتوی کر دی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دریاراوی کے آلودہ پانی کی صفائی کے لئے منصوبے پر کام شروع نہیں ہو سکادریائے راوی میں لاہور کا گندا پانی فلٹر کئے بغیر بہایا جا رہا ہے جس کے باعث دریا ایک گندے نالے کا منظر پیش کر رہا ہے۔

ریور راوی کمیشن کے سیکرٹری رافع عالم نے عدالت کو بتایا کہ صنعتی فضلے کو بھی صفائی کے بغیر دریا میں بہایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے دریا کا پانی آلودہ ہو چکا ہے،جس سے آبی آلودگی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ آبی حیات بھی متاثر ہو رہی ہے ۔واسا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راوی کے پانی کی صفائی کے منصوبے کے لئے اشتہار جاری کر کے کنسلٹ فرموں کو کام سونپا جا رہا ہے انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ راوی کے پانی کی صفائی سب سے اہم معاملہ ہے ،عدالت کو اس منصوبے پر کاغذی کاروائی کی بجائے عملی اقدامات ہوتے نظر آنے چاہئیں۔عدالت نے دریائے راوی کے پانی کی صفائی کے لئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عملد رآمد کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :