Live Updates

گورنر سندھ سعیدالزماں صدیقی طویل علالت کے بعد78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

اچانک طبیعت خراب ہوئی، سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری پر فوری ہسپتال لے جایا گیا ، وہ جانبر نہ ہوسکے ،صدر ، وزیراعظم ، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر داخلہ ، وز رائے اعلیٰ ، بلاول بھٹو ، آصف زرداری ، عمران خان ،سراج الحق ، ڈاکٹر عشرت العباد اور دیگر کا اظہار افسوس، خدمات پر خراج عقیدت پیش سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی نے بھارتی شہر لکھنو میں 1937 میں آنکھ کھولی‘ 1954میں جامعہ ڈھاکہ سے گریجویشن کیا ‘1980میں سندھ ہائیکورٹ کے جج ‘1990میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے ‘یکم جولائی 1999کو چیف جسٹس آف پاکستان بنے اور جنوری 2000تک خدمات سرانجام دیں ‘مشرف دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار پر عوام میں مقبولیت ملی ‘11 نومبر 2016ء کو گورنر سندھ کے 31 ویں گورنر کا حلف اٹھایا 11جنوری 2017کو خالق حقیقی سے جا ملے

بدھ 11 جنوری 2017 21:26

کراچی/اسلام آباد / لاہور /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) گورنر سندھ اور سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی طویل علالت کے بعد78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے،صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ سند ھ ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،سا بق صدر آصف زرداری ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور دیگر اہم سیاسی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک وقوم کیلئے ان کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ انہوں نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا،سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی نے بھارتی شہر لکھنو میں 1937 میں آنکھ کھولی‘ 1954میں جامعہ ڈھاکہ سے گریجویشن کی ‘1980میں سندھ ہائیکورٹ کے جج ‘1990میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے ‘یکم جولائی 1999کو چیف جسٹس آف پاکستان بنے اور جنوری 2000تک خدمات سرانجام دیں ‘مشرف دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار پر عوام میں مقبولیت حاصل ہوئی‘11 نومبر 2016ء کو گورنر سندھ کے 31 ویں گورنر کا حلف اٹھایا اور 11جنوری کو خالق حقیقی سے جا ملے ۔

(جاری ہے)

بد ھ کو ترجمان گورنر ہاؤس نے اعلان کیا کہ سندھ کے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئے ہیں، عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی طبیعت بدستور خراب تھی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا تھا اور بعد میں وہ گورنر ہاس بھی منتقل ہوگئے تھے لیکن بدھ کو گورنر سندھ کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، انہیں سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کا شمار ملک کے ممتاز ججز میں کیا جاتا ہے۔ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی 1937کو بھارت کے شہر لکھنو میں پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے 1954میں جامعہ ڈھاکہ سے گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی اور 1980میں سندھ ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے۔سعید الزماں صدیقی نے 1990میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا عہدہ سنبھالا جبکہ وہ یکم جولائی 1999کو چیف جسٹس آف پاکستان بنے اور جنوری 2000تک خدمات سرانجام دینے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے۔

جسٹس سعید الزماں صدیقی نے مشرف کے دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ان کی خدمات کے باعث حکومت نے انہیں 11 نومبر 2016ء کو گورنر سندھ تعینات کیا لیکن تعیناتی کے دو دن بعد ہی وہ شدید بیمار ہو گئے ۔بدھ کی دوپہر بھی انہیں سینے میں شدید تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال لایا گیا لیکن حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔

جسٹس سعید الزماں صدیقی دو ماہ تک گورنر سندھ رہے۔ وہ صوبہ سندھ کے 31 ویں گورنر تھے۔ صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور دیگر اہم سیاسی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سعیدالزماں صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا ۔

وزیراعظم نوازشریف نے ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ سعید الزماں صدیقی ایماندار جج تھے۔انہوں نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جبکہ صدر مملکت ممنون حسین نے گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے آئین کی بالادستی کو ہمیشہ مقدم رکھا اور ان کی خدمات کو تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کی وفات پر ایک ر وزہ سوگ کا اعلان کر دیا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی گورنر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ آئین کی بالادستی کیلئے سعید الزمان صدیقی کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے گورنر سندھ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برادشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفرالحق اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے بھی گورنر سندھ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کی خدمات کو سراہا۔

اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ و زیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید الز مان صدیقی کے انتقال سے پاکستان محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔

ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔سابق صدر آصف علی زرداری ، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ انہوں نے بطور چیف جسٹس آف پاکستان بڑے اہم فیصلے کیے۔ انہوں نے سعید الزمان صدیقی کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نوا ب ثناء اﷲ زہری ‘ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ‘ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا ، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور دیگر اہم سیاسی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک وقوم کیلئے ان کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات