یہ آصف زرداری کا وژن تھا کہ گوادر چین کو دیا، اقتصادی راہداری انہی کا شروع کردہ منصوبہ ہے، ہماری ترجیح ہے کہ پنجاب سے انتخابات جیت کر وہاں کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں ،پیپلزپارٹی غریب عوام اور جدت پسندوں کی پارٹی ہے ،روٹی کپڑا اور مکان، تعلیم و صحت، تحفظ، امن اور سب کو کام ہمارا منشور ہے ، عوام اس وقت خوشحال ہوں گے جب ان کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ،بینظیربھٹو شہید نے غریبوں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں دیں تو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زکی گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں و ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ یہ آصف علی زرداری کا وژن تھا کہ گوادر چین کو دیا، اقتصادی راہداری انہی کا ہی شروع کردہ منصوبہ ہے ، پیپلز پارٹی غریب عوام اور جدت پسندوں کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں انتخابات جیت کر شہید بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائے گی، روٹی کپڑا، مکان، تعلیم و صحت، تحفظ، امن ہمارا منشور ہے، محترمہ بینظیربھٹو شہید نے غریبوں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں دیں تو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے ،پیپلز پارٹی کا عوام سے اٹوٹ رشتہ ہے ، آئندہ انتخابات میں نون لیگ کو شکست دیکر پنجاب میں بھی جیالوں کی حکومت بنائیں گے۔

وہ بدھ کو اسلام آباد میں گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی رہنماؤں ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، نذر محمد گوندل، ثمینہ پگانوالہ ، غضنفر گل، آصف بھاگت، ذوالفقار گوندل، ملک ذکاء، ندیم اصغر کائرہ، تنویر اشرف کائرہ، ملک اعجاز اور دیگر پارٹی کے رہنما شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ پنجاب سے انتخابات جیت کر وہاں کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پارٹی غریب عوام اور جدت پسندوں کی پارٹی ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان، تعلیم و صحت، تحفظ، امن اور سب کو کام ہمارا منشور ہے۔ عوام اس وقت خوشحال ہوں گے جب انہیں روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔

محترمہ بینظیربھٹو شہید نے غریبوں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں دیں تو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے غربت، جہالت اور شدت پسندی کو ختم کرنا چاہا تو انہیں سیاسی انتقال کا نشانہ بنایا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا عوام سے اٹوٹ رشتہ ہے۔ پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں انتخابات جیت کر شہید بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائے گی۔

جہاں عورت کا احترام ہوگا، غیرمسلم ہم وطنوں کو مکمل تحفظ ہوگا، نوجوانوں کے آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں گے، مزدوروں اور کسانوں کو محنت کا پھل ملے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ صدر آصف علی زرداری کا وڑن تھا کہ گوادر چین کو دیا، راہداری انہیں کا ہی منصوبہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ دن رات محنت کریں۔ نون لیگ کو شکست دے کر پنجاب میں بھی جیالوں کی حکومت بنائیں گے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، چوہدری منظور احمد، صدر قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، مصطفی نواز کھوکھر اور پیپلزپارٹی کے سیکریٹری فنانس حیدر زمان قریشی بھی موجود تھے۔ درایں اثناء چکوال کے معروف سیاسی رہنما سردار اظہر عباس نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سردار اظہر عباس نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کو چکوال میں مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔(رڈ)