واپڈا میں قومی سطح پر02فروری کو ریفرنڈم کرانے کا اعلان

رجسٹرار ٹریڈ یونینز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں شیڈول جاری کر دیا

بدھ 11 جنوری 2017 20:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء ) پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی ادارے واپڈا میں اجتماعی سودا کاری ایجنٹ (سی بی اے) کے تعین کیلئے قومی سطح پر 02فروری2017کو ریفرنڈم ہو گا۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے حکم بمورخہ14نومبر2017 کی روشنی میں رجسٹرار ٹریڈ یونینز صنعتی تعلقات کمیشن ذکاء اﷲ خلیل نے گذشتہ روز ریفرنڈم کا شیڈول جاری کر دیا۔

ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد کے مطابق موجودہ سی بی اے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں یہ استدعا کی تھی کہ واپڈا میں اگلی مدت کیلئے سی بی اے یونین کے انتخاب کیلئے فوری طور پرقومی سطح پر ریفرنڈم کرایا جائے تاکہ واپڈا ملازمین ووٹ کا آئینی و قانونی حق استعمال کر کے اپنی نمائندہ قیادت منتخب کر سکیں جس پر عدالت کے فاضل بنچ نے این آئی آر سی کو 30 یوم کے اندر ریفرنڈم کرانے کے احکامات جاری کیے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہائیڈرو یونین حسب سابق پانچ ستاروں والے سبز پرچم کے نشان کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔ دریں اثناء آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد، ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل، محمد رمضان خان جدون اور دیگر عہدیداران نے فاضل عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سطح پر ریفرنڈم کا انعقاد ہائیڈرو یونین کی فتح اورواپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکنوں کے دل کی آواز ہے جس سے ان میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے واپڈا ملازمین کو قومی سطح پر سی بی اے کے انتخاب کا حق دینا خوش آئند ہے اس سے ادارے کو تقسیم کرنے والوں کی مکروہ چالیں اور سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیور اور باشعور کارکن اپنے ووٹ کی طاقت سے مزدور دشمن ٹولے کو ایک بار پھر شکست فاش دیں گے اور مسلسل چھٹی بار سی بی اے کا تاج ہائیڈرو یونین کے سر پر رکھ کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :