برآمدات کے بہتر فروغ کیلئے اسلام آباد ریجن میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ضروری ہے ، ظفر علی شاہ

سی ڈی اے تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے ، خالد اقبال ملک

بدھ 11 جنوری 2017 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) سابق سنیٹر سید ظفر علی شاہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے کی کامیابی اور چین و سنٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے اسلام آباد ریجن میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام اشد ضروری ہو گیا ہے لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ خطہ پوٹھوہار میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کو قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آنے والی صدی ایشیائ کی صدی ہے اور تاجر برادری آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ابھی سے بھرپور تیاری شروع کر ظفر علی شاہ نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر مقامی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا آئیسکو، سوئی گیس، ایف بی آر اور سی ڈی اے سمیت تمام متعلقہ مقامی ادارے صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں تا کہ کاروبار کو مزید بہتر فروغ ملے اور علاقے سے غربت و بیروزگاری میں کمی واقع ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ان کا پرانا رشتہ ہے اور وہ ہر حیثیت میں تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے میں چیمبر کا ساتھ دیں گے۔ اس موقع پراپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے ظفر علی شاہ کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے 90فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں اور سی ڈی اے کے چیئرمین و اسلام آباد کے میئر شیخ عنصر عزیز سے بہت سی توقعات وابستہ ہیںلیکن ابھی تک محکمہ کی کارکردگی میں کوئی نمایاں فرق نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے چیئرمین نے لیز کی تجدید اور تجارتی مراکز میں اضافی سٹوری کی تعمیر کے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک متوازن قانون کرایہ داری کا نفاذ تاجر برادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں ایک متفقہ مسودہ عرصہ دراز سے قومی اسمبلی کی ایک قائمہ کمیٹی کے پاس پڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظفر علی شاہ حکومتی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں لہذا وہ مذکورہ مسودہ کو جلدقومی اسمبلی سے پاس کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عوام وتاجر برادری کیلئے ظفر علی شاہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب بھی ضرورت پڑی وہ تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرانے میں میں تعاون کریں گے۔