پاکستان اور عمان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مشترکہ ثقافت، تاریخ اور ورثہ سے جڑے ہوئے ہیں ،پاکستان عمان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے

صدر ممنو ن حسین کی چیئرمین اسٹیٹ کونسل عمان ڈاکٹر یحیی بن محفوظ بن سالم المنذری کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مشترکہ ثقافت، تاریخ اور ورثہ سے جڑے ہوئے ہیں اورپاکستان عمان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ وہ بدھ کو ایوان صدر میں چیئرمین اسٹیٹ کونسل عمان ڈاکٹر یحیی بن محفوظ بن سالم المنذری کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جس میں اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے سے دونوں ملکوں کے پارلیمانی لیڈرایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور یہ باہمی روابط کو مزید مضبوط کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی اور علاقائی امن و استحکام کے سلسلے میں عمان کے بھرپورکردار کی قدر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک مختلف علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر متفقہ را ئے رکھتے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے خوش آئند ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عمان کے سول و ملٹری افسران پاکستانی عسکری اور سول تربیتی اداروں سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی موجودہ سطح اطمینان بخش ہے، البتہ اس میں مزید توسیع کی گنجائش موجود ہے۔ عمانی مسلح افواج میں پاکستاینوں کی ایک بڑی تعداد خدمات سر انجام دے رہی ہے جو خوش آئند بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعتیِ پیداوار انتہائی اعلیٰ معیار کی حامل ہیاور پاکستان دفاعی اسلحہ و مشینری کی عمان کو برآمدات میں دلچسپی رکھتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لییبہترین مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ سرمایہ کاری پالیسی سے معیشت کے تمام شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول پیدا ہوا ہے جس سے بیرونی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ توانائی سے متعلق منصوبوں، تعمیر ی اور عوامی صارفین کی ضروریات سے متعلق سرمایہ کاری کے لیے عمانی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک امن اور خوشحالی کے فروغ کی خاطر تنازعات کو پٴْرامن بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں اور طاقت کے استعمال کو مسترد کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اورخلیجی ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کے معا ہدے کے سلسلے میں عمان کی حمایت کے شکر گزار ہیں اوریقین رکھتے ہیں کہ عمان اس معاہدے کی جلد تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے دیگر خلیجی ممالک کو بھی آمادہ کرے گا۔

صدر مملکت نے کراچی،گوادر اور مسقط کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کے اقدام کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ قدم دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے نئے باب کا آغاز کرے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان عمان کو مختلف شعبہ جات میں انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیت کی حامل مزیدافرادی قوت فراہم کر سکتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ دونو ں ممالک تعلقات کو عوامی سطح تک فروغ دیں اور تعلیمی شعبوں میں اشتراک پیدا کرنے اور طالب علموں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دیں اور پی ایچ ڈی کی سطح کے پروگرام مشترکہ طور پر شروع کریں۔اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستانی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے سلطان قابوس کو نیک تمناوں کا بھی پیغام دیا۔

متعلقہ عنوان :