وزیر مملکت انوشہ رحمٰن سے ڈائریکٹر پبلک پالیسی گوگل برائے سائوتھ ایسٹ ایشیا مس این لیون کی ملاقات

آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے

بدھ 11 جنوری 2017 21:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن سے ڈائریکٹر پبلک پالیسی گوگل برائے سائوتھ ایسٹ ایشیا مس این لیون نے بدھ کو یہاں میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پرانوشہ رحمٰن نے کہا کہ ہم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک انقلاب برپا کردیا ھے۔

ہم وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وژن " ڈیجیٹل پاکستان" کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پوری طرح متحرک ہیں۔ یونیورسل سروسز فنڈ کے ذریعے پاکستان کے پسماندہ اور دیہی علاقوں سمیت پورے پاکستان کو ٹیلی کام کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اور 2018 تک پورا پاکستان مربوط ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے حوالے سے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔

یہاں 200 ملین نفوس پر مشتمل آبادی میں 60 % نوجوان ہیں جن کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ہماری براڈبینڈ کی شرح نمو 3 فیصد سے 28 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ہم اسے 50 فیصد تک لے جانا چاھتے ہیں۔ گوگل کی ریجنل ڈائریکٹر مس این لیون نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے واقعی تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک ہے۔ اس شعبہ میں شاندار اور مثالی ترقی کا سہرا موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی کی ترویج کیلئے شروع کیے گیے منصوبوں پر انوشہ رحمٰن کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور آئی ٹی کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کا بھی عندیہ دیا۔

متعلقہ عنوان :