پاکستان کرغزستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، صدر مملکت ممنون حسین

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی کے شعبہ میں کاسا۔1000 کا منصوبہ توانائی کی کمی پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو گا، پاکستان کرغزستان کے ساتھ توانائی، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان جنوبی ایشیا، چین اور وسط ایشیائی ممالک میں روابط کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہا ہے، کرغزستان یورو ایشیئن اکنامک یونین کی ممبر شپ کیلئے پاکستان کی حمایت کرے گا صدر مملکت ممنون حسین کا کرغزستان کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

بدھ 11 جنوری 2017 21:39

پاکستان کرغزستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، صدر مملکت ممنون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں کرغزستان کے اقتصادی امور کے وزیر اور شریک چیئرمین پاکستان کرغزستان جوائنٹ وزارتی کمیشن جوشیو ارزیبک اورزوبوکووچ کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کرغزستان سے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی کے شعبہ میں کاسا۔1000 کا منصوبہ بہت اہم ہے اور یہ منصوبہ توانائی کی کمی پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ توانائی، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان چاہتا ہے کہ پورے خطہ کے ممالک ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں اور اس کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ پاکستان جنوبی ایشیا، چین اور وسط ایشیائی ممالک میں روابط کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے وسط ایشیاء ممالک بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان ٹرانسپورٹ، توانائی اورتجارتی شعبوں میں اضافہ کرکے غربت کے خاتمہ کیلئے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقتصادی لحاظ سے بہتری کی طرف گامزن ہے، بین الاقوامی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے تحت کئے گئے اقدامات کو سراہا رہے ہیں، خطہ میں باقی ممالک کے مقابلہ میں پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ایشیائی ممالک تجارت کے حجم کو زیادہ سے زیادہ بڑھائیں اس سے باہمی روابط میں اضافہ ہو گا اور اقتصادی حالت بھی بہتر ہو گی۔ صدر مملکت نے امید کا اظہار کیا کہ کرغزستان یورو ایشیئن اکنامک یونین کی ممبر شپ کیلئے پاکستان کی حمایت کرے گا۔ صدر مملکت نے پاکستان اور کرغزستان کے اعلیٰ سطح کے دوروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔