ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا دورہ پریس کلب جرنلسٹ کالونی میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

بدھ 11 جنوری 2017 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ صحافی کالونی میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی اور غیر قانونی قبضہ کی کوشش کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، صحافی کالونی میں قائم پولیس چوکی کے سٹاف میں اضافہ کرکے انہیں مزید فعال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے دورہ موقع پر کیا ۔

اس موقع پرلاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری احسان شوکت، ممبر گورننگ باڈی سالک نواز، پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر کرنل(ر) اطہر ناصر ، سینئر صحافی ذیشان بخش اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے پریس کلب کی نو منتخب گورننگ باڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونی میں قبضہ گروپ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں نکیل ڈالی جائے گی اور قبضہ گروپ کے خلاف تمام درخواستوں پر مقدمات قائم کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ کے خلاف موثر کارروائی اور رہائشیوں کی سیکورٹی کیلئے پولیس چوکی کے سٹاف میں اضافہ کیا جائے گا اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی کے مسائل کے حل کیلئے لاہور پولیس مکمل تعاون کرے گی جبکہ پریس کلب کی سیکورٹی کو بھی مزید بہتر بنائیں گے۔ لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں نے معزز مہمان کی کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :