ضلع کچہری اسلام آباد میں بار انتخابات کی گونج،وکلاء مقدمات کی پیروی کے بجائے الیکشن کی گہماگہمی میں مصروف

بدھ 11 جنوری 2017 21:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2017ء) ضلع کچہری اسلام آباد میں بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کی گونج، وکلاء مقدمات کی پیروی کے بجائے الیکشن کی گہماگہمی میں مصروف عمل ہو گئے۔ الیکشن بورڈ کے ممبر شازیہ سلیم اور راجہ آفتاب نے الیکشن کے لیے 20 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔ بار کونسل کے انتخابات میں دونوں گروپوں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بار کونسل کے سالانہ انتخابات کی تاریخ قریب آتے ہی وکلاء کی توجہ مقدمات کی پیروی کے بجائے الیکشن تیاریوں کی جانب لگ گئی ،اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 14 جنوری کو منعقد ہونگے، بار ایسوسی ایشن کی صدارت کے لیے چوہدری احمد پدانہ اور نوید حیات ملک کے مابین مقابلہ ہے جبکہ نائب صدر کے لیے غلام مرتضی وٹو، شکیل اعوان اور رفیق الرحمن سنجرانی مدمقابل ہیں.

بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کے لیے چوہدری محمد نصیر اور چوہدری طلت محمود کے مابین مقابلہ ہے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے لیے خرم بشیر اور دلاور خان مدمقابل ہیں. بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری فائنانس آصف گوندل، سیکرٹری لائبریری بشارت حسین شاہ بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے دس میں سے دو ممبران راجہ شیراز احمد جنجوعہ اور مطلوب حسین بھی منتخب کر لیے گئے ہیں.

چیئرمین الیکشن بورڈ راجہ شفقت عباسی ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 2017 کا انعقاد 14 جنوری کو ہو گا، الیکشن میں حصہ لینے والے کل ووٹرز کی تعداد تین ہزار 641 ہی. الیکشن بورڈ کی جانب سے تمام امیدواران کو اپنے بینرز اور پوسٹرز اتارنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے بعد تمام امیدواروں کے بینرز اتر دیے گئے ہیں، تاہم بورڈ نے انتخاب لڑنے والے امیدواران پر ووٹرز کو ناشتہ کرانے اور کھانا کھلانے پر پابندی عائد کر دی ہی. الیکشن بورڈ کے ممبر شازیہ سلیم اور راجہ آفتاب نے الیکشن کے لیے 20 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جو الیکشن کے پورے عمل کو صاف شفاف اور پر امن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی. ۔حسن رضا

متعلقہ عنوان :