بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیکر امن کاقیام یقینی بنایاجاسکتاہے ،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 11 جنوری 2017 21:13

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہی ملکی وبین الاقوامی سطح پر امن کاقیام یقینی بنایاجاسکتاہے اور انسانیت کو درپیش چیلنجز کامقابلہ کیاجاسکتاہے۔ وہ بدھ کو گورنرہاؤس پشاورمیں قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے ایک وفد سے ملاقات کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت قومی امن کمیٹی کے چیئرمین علامہ مولانا محمدشعیب کررہے تھے جبکہ وفد میں مختلف طبقہ فکر کے علماء ومشائخ اورمختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ مولاناشعیب نے گورنر کوامن کمیٹی کی سرگرمیوں اوراغراض ومقاصد سے گورنرکوآگاہ کیا۔ گورنرنے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قومی امن کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور کہاکہ مخلوق خدا کی سطح پرامن کے قیام کیلئے جدوجہد وقت کاتقاضابھی ہے اور اس میں رب کی رضابھی ہے۔