پاک چین اقتصادی راہداری سے مستقبل میں گلگت بلتستان کے عوام بے حد مستفید ہوں گے ،بے پناہ وسائل اور معدنیات کی سرزمین گلگت بلتستان عنقریب پاکستان کا معاشی حب بننے جا رہا ہے، وزیر اعظم نواز شریف خطے کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، جگلوٹ سکردو روڈ پر کام کا آغا ز ہو چکا ہے اور اربوں روپے کے اس منصوبے سے گلگت بلتستان میں خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا

وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرکی گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 20:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ بے پناہ وسائل اور معدنیات کی سرزمین گلگت بلتستان عنقریب پاکستان کا معاشی حب بننے جا رہا ہے، وزیر اعظم نواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری سے مستقبل میں گلگت بلتستان کے عوام بے حد مستفید ہوں گے، جگلوٹ سکردو روڈ پر کام کا آغا ز ہو چکا ہے اور اربوں روپے کے اس منصوبے سے گلگت بلتستان میں خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا ۔

وہ بدھ کو یہا ں گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورت حال کے علاوہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں کئی بڑے منصوبوں کی منظوری دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کے لیے جگلوٹ سکردو روڈ پر کام کا آغا ز ہو چکا ہے اور اربوں روپے کے اس منصوبے سے گلگت بلتستان میں خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے 14 میگا واٹ نلتر پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے جس سے گلگت بلتستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بے پناہ مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کے پاور ہائوس کا درجہ رکھتا ہے اوریہاں 40 سے پچاس ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے جسے نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کر کے بھرپور فائدہ اٹھا یا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ دیامر بھاشا ڈیم کی زمین کے حصول کا کام مکمل ہو چکاہے اور اس پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز جلد کر دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے لیے بڑا پوٹینشل رکھتا ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری سے مستقبل میں گلگت بلتستان کے عوام بے حد مستفید ہوں گے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت وزیر اعظم نواز شریف کے وژن پر سختی سے کاربند ہے اور تمام حکومتی اُمور میں عوام کی خدمت اور شفافیت کو ترجیح دی رہی ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں دلچسپی اور تعاون پر محمدنواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح محمدنواز شریف اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات کر رہے ہیںاس کی ماضی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوںنے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے اسی ایجنڈے پر عمل در آمد کے لیے وہ وفاقی وصوبائی حکومت کے تعاون سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔