ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر قومی ایجنڈا تشکیل دینا چاہیے،گورنر پنجاب

سیاسی جماعتوں کے نظریات کچھ بھی ہو ں،پاکستانیت اور ملک کی تعمیر و ترقی کے معاملات پر تمام کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جماعت اسلامی پنجاب کے وفد سے گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 20:23

ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر قومی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک قومی ایجنڈا تشکیل دینا چاہیے تا کہ یکسوئی کے ساتھ اس ملک کو ترقی کی منزل کی طرف لے جایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے نظریات کچھ بھی ہو ں،پاکستانیت اور ملک کی تعمیر و ترقی کے معاملات پر تمام کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے میاں مقصود احمد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حزب اختلاف اور حزب اقتدار اجمہوریت کے لیے لاز م و ملزوم ہیں اپوزیشن کی تعمیری اور مثبت سوچ ہمیشہ صاحب اقتدار لوگوں کو سمت کا صحیح رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی اپوزیشن کی تنقیدکو ہمیشہ تعمیری انداز سے لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات خواہ کچھ بھی ہوں ہمیں اہم قومی معاملات پر یکجا ہو جانا چاہیے ۔ انہوں نے ملکی سیاسی نظام میں جماعت اسلامی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی جماعت کے اندر جمہوری نظام قابل تعریف ہے۔وفد نے گورنر پنجاب کے بھانجے کی رحلت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میاں مقصود احمد نے گورنر پنجاب کو جماعت اسلامی کے بانی سید ابو ا لاعلیٰ مولانا مودودیؒ کی تصنیف تفہیم القرآن کی جلد وں کا سیٹ پیش کیا۔

دریں اثناء، وزیر صحت سلمان رفیق سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم اس سلسلے میں دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں میں صحت کے شعبے میں شروع کئے جانے والے اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملتان میں چلڈرن ہسپتال اور کدنی سنٹر بلاشبہ وزیر اعلیٰ کا سرائیکی بیلٹ کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔انہوں نے وزیر صحت کو ملتان میں گائنی سے متعلق موبائل ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیر صحت نے گورنر پنجاب کو صوبے میں صحت کے شعبے میں شروع کیے کئے جانے والے منصوبوں پر تفصیل سے بریفنگ دی۔