Live Updates

اسلام آباد کے سکولوں کے بچوں اوربچیوں کیلئے وزیراعظم کی جانب سے 200بسوں کے تحفے پر اہلیان شہر کو مبارکباد،عمران خان کو بھی مبارکباد کہ آج ایک اورفیتہ کٹ گیا ہے،آئندہ بھی عوام کیلئے فلاحی اورترقیاتی منصوبوں کے فیتے کٹتے رہیں گے،خان صاحب آپ پانامہ کیس کے بعد کیا کریں گے کیونکہ آپ کی سیاست کٹ رہی ہے،عدالت کے باہر عدالت لگانے والوں کے ہاتھ مایوسی کے سواء کچھ نہیں آئے گا،ابھی بھی وقت ہے کہ سبق سیکھیں اورخیبرپختونخوا کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے ، وزیر مملکت اطلاعات،نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 18:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیر مملکت اطلاعات،نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے اسلام آباد کے سکولوں کے بچوں اوربچیوں کیلئے وزیراعظم کی جانب سے 200بسوں کے تحفے پر اہلیان شہر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کو بھی مبارکباد کہ آج ایک اورفیتہ کٹ گیا ہے،آئندہ بھی عوام کیلئے فلاحی اورترقیاتی منصوبوں کے فیتے کٹتے رہیں گے،خان صاحب آپ پانامہ کیس کے بعد کیا کریں گے کیونکہ آپ کی سیاست کٹ رہی ہے،عدالت کے باہر عدالت لگانے والوں کے ہاتھ مایوسی کے سواء کچھ نہیں آئے گا،ابھی بھی وقت ہے کہ سبق سیکھیں اورخیبرپختونخوا کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے ۔

بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ آج عدالت عظمیٰ میں ہمارے وکلاء نے دلائل شروع کردئیے ہیں اورعدالت عظمیٰ کو تمام ثبوت اورشواہد پیش کئے جائیں گے کیونکہ جیسا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جب بھی کوئی مستند فورم قائم ہوگا تو وہاں تمام دستاویزات پیش کردئیے جائیں گے،خان صاحب آپ نے جو پارلیمان میں دستاویزات لہرائیں اورکہا کہ یہ ہے ثبوت،وہ کدھر گئے،اب کہتے ہیں کہ پانامہ کو ایک طرف رکھ دیں اوروزیراعظم کی تقریر پر بات کرے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے اسلام آباد کے رہائشیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پہلی مرتبہ ان کے بچوں کیلئے وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت سکولوں کیلئے 200 بسوں کا تحفہ دیا ہے جس سے سکول جانے والے بچے اور بچیوں کو آنے اورجانے میں آسانی ہوگی ۔ وزیرمملکت نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کو مبارک ہو کہ آج ایک اور فیتہ کٹ گیا ہے‘‘ اور آئندہ ڈیڑھ برس کے دوران اور بھی فیتے کٹیں گے تاہم آپ پانامہ پیپرز کے بعد کیا کریں گے۔

وزیرمملکت نے کہا کہ ایک جانب عدالت ہے اور دوسری جانب آپ کی جھوٹی انتشاری اور احتجاجی سیاست جو آپ کنٹیرز پر لگاتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کہ ایک اللہ تعالیٰ کی عدالت بھی ہے آپ اسے نہ بھولیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سچ بولنے کی توفیق دے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان صاحب اب بھی آپ کے لئے سیکھنے کا وقت ہے کیونکہ آپ نے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے اور جو کچھ تین برسوں میں خیبرپختونخوا کی عوام کے ساتھ کیا ہے عمران خان اس کی تیاری کریں کیونکہ وہ عوام کی عدالت سے بچ نہیں سکیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات