85 سالہ شخص نے 70 سال کے طویل انتظار کے بعد محبت کو پا لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 جنوری 2017 14:15

سرگودھا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 جنوری 2017ء): محبت سے متعلق مشہور ہے کہ جب یہ ہو جائے تو کبھی ختم ہونے کا نام بھی نہیں لیتی ۔ ایسی ہی ایک مثال سرگودھا کے رہائشی 85 سالہ شخص نے قائم کی جس نے 70 سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر اپنی محبت کو پا ہی لیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے رہائشی 85 سالہ غلام فرید جھاوریاں کی رہائشی رانی بی بی کو بچپن ہی سے چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

جواں ہوتے ہی غلام فرید نے اپنی محبت کو ہمیشہ کے لیے اپنا بنانے کی غرض سے والدین کو رانی بی بی کے گھر رشتہ لینے کی غرض سے بھجوایا لیکن بد قسمتی یہ کہ کچھ وجوہات کی وجہ سے دونوں کی شادی نہ ہو سکی۔غلام فرید کو کہیں اور شادی کرنا پڑی ، 7 دہائیوں کے بعد قریبا 8 سال قبل غلام فرید کی اہلیہ وفات پا گئی جبکہ ایک سال قبل رانی بی بی کا خاوند بھی انتقال کر گیا ، جس کے بعد غلام فرید اور رانی کے بچوں نے ان کی برسوں پرانی محبت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا ارادہ کیا جس میں وہ کامیاب بھی ہو گئے۔70 سال کے طویل انتظار کے بعد بھی دونوں کی محبت پہلے کی سی ہے۔ غلام فرید اوررانی بی بی کی شادی پرپورے علاقے میں خوشی کا سماں تھا۔