Live Updates

عمران خان کے پاس ثبوت نہیں الزامات ہیں اور الزامات سے کام نہیں چلے گا، خیبر پختونخوا میں ہر روز گو عمران گو کے نعروں کے باوجود تحریک انصاف حکومت پر براجمان ہیں، عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام جگہوں سے بھاگ رہے ہیں انہیں قلابازی خان اور یو ٹرن خان نہ کہا جائے تو کیا کہا جائے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء اوررکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 13:34

عمران خان کے پاس ثبوت نہیں الزامات ہیں اور الزامات سے کام نہیں چلے گا، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء اوررکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس ثبوت نہیں الزامات ہیں اور الزامات سے کام نہیں چلے گا،خیبر پختونخوا میں ہر روز گو عمران گو کے نعروں کے باوجود تحریک انصاف حکومت پر براجمان ہیں ۔بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عدالت عظمی میں بیان دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے کہا ہے کہ وزیرا عظم کی جانب سے پارلیمنٹ میں کی جانے والی تقریر میں غلط بیانی اور مریم نواز کے وزیر اعظم کے زیر کفالت ہونے کے حوالے سے کیس کو آگے چلا یا جائے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ 2005 میں وزیر اعظم کی فیملی کا اس پراپرٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی اس سے قبل ان کے پاس یہ فلیٹ تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عدالت عظمی میں جب ہمارے وکیل کو دلائل دینے کا موقع ملے گا تو اس وقت تمام ثبوت پیش کر دئے جائیں گے، جوں جوں کیس آگے بڑھ رہا ہے پی ٹی آئی والے گرتے پڑتے جھوٹے ثبوت پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سے قبل کہا جاتا تھا کہ ان کے پاس وزیر اعظم کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔

دانیال عزیز نے کہا کہ اب کیس کا رخ تبدیل ہو چکا ہے، کل عدالت کے سامنے پی ٹی آئی کے وکیل کہتے تھے کہ وکیل ہارا نہیں کرتے موکل ہارتا ہے آج وہ خود عدالت سے انجکشن لگوانے کی چھٹی لیکر چلے گئے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نعیم بخاری کو صحت اور ہدایت سے نوازے۔ انھوں نے کہا کہ آج عدالت نے رکن قومی اسمبلی شیخ رشید کو سے کہا کہ وہ غیر سنجیدہ ہیں، سنجیدگی سے کیس کے قانونی نکات کو پیش کریں ورنہ عدالت اپنا کام کرنا بخوبی جانتی ہے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ آج عدالتی کارروائی کے دوران التوفیق ملز کا پرانا گھسا پٹا معاملہ اٹھانے کی کوشش بھی کی جس کے حوالے سے عدالتی فیصلہ بھی موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو الیکشن میں جیتنے کا سماں نظر نہیں آرہا اس لئے وہ عوامی مینڈیٹ سے آنے والے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کہا کرتے تھے کہ خیبر پختونخوا میں ان کے خلاف دس ہزار افراد جمع ہوجائیں تو استعفی دیدیں گے، آج خیبر پختونخوا میں ان کے خلاف ہر روز 20 ہزار سے زیادہ افراد اکٹھے ہوتے ہیں اور گو عمران گو کے نعرے لگاتے ہیں ، اس کے باوجود تحریک انصاف حکومت پر براجمان ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انصاف کا نعرہ لگانے والوں کے خلاف جب کرپشن کے ثبوت منظر عام پر آئے تو انھوں نے جنرل (ر) حامد کو برطرف کردیا، عمران خان کو چاہیے کہ وہ عوام کے سامنے کرپٹ لوگوں کی فہرست پیش کریں اور عوام کو بتائیں کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں کیوں نہیں لائی گئی۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان آئرلینڈ اور نیازی آف شور کمپنی کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں ثبوت جمع کیوں نہیں کراتے جبکہ میاں نواز شریف نے خود کو سرنڈر کرتے ہوئے خود کو احتساب کے لئے عدالت کے سامنے پیش کیا ہے جس پر کیس چل رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام جگہوں سے بھاگ رہے ہیں انہیں قلابازی خان اور یو ٹرن خان نہ کہا جائے تو کیا کہا جائے۔ انھوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد میں تعلیم کے فروغ کے کئے ایک نئے ٹرانسپورٹ سسٹم کا اجراء کیا ہے اور پاکستان بھر میں دنیا کی طرح کا جدید تعلیمی نظام رائج کیا جارہاہے ۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے دوہرے معیار کے دعویدار عمران خان نے خیبر پختونخوا میں 80 ملین روپے خرچ کیے ہیں اور ایک نظام تعلیم کو رائج نہیں کر سکے۔انھوں نے کہا کہ نوے دن میں کرپشن ختم کرنے کے دعوے سمیت ان کے تمام نعرے جھوٹے ہیں۔دانیال عزیز نے کہا کہ عمران کے پاس ثبوت نہیں صرف الزام ہیں اور الزامات سے کام نہیں چلے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات