وزیراعظم نے پہلے کسانوں سے مذاق کیا، اب برآمد کنند گان کو ورغلانے کی کوشش کی،نعیم الحق

برآمد کنند گان کیلئے 180ارب روپے کے پیکج کا اعلان سراسر مضحکہ خیز ہے جھوٹ پر جھوٹ بولنے کی بجائے وزیر اعظم ایک سچ بول کر اپنی جان چھڑوائیں،بیان

منگل 10 جنوری 2017 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پہلے کسانوں سے مذاق کیا، اب برآمد کنند گان کو ورغلانے کی کوشش کی،برآمد کنند گان کیلئے 180ارب روپے کے پیکج کا اعلان سراسر مضحکہ خیز ہے۔،قوم کی لوٹ مار اور شریف خاندان سے نجات حقیقت میں سب سے بڑا "پیکیج"ہے، قوم جعلی پیکجز نہیں آل شریف سے کلی طور پر نجات کا حقیقی پیکیج مانگتی ہے ۔

وزیر اعظم کے خطاب پر تحریک انصاف کا ردعمل دیتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان قوم کو لوٹ مار اور آل شریف سے نجات کا حقیقی پیکج دلوائیں گے۔وزیراعظم خود کو شہنشاہِ معظم تصور کرتے ہوئے رقوم کی تخیلاتی تقیم بند کریں اور سنجیدہ طرز عمل اپنائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے بیشتر پیکجز جھوٹے نعروں اور کھوکھلے وعدوں سے زیادہ کچھ نہیں ہوتے۔ نعیم الحق کا کہناتھا کہ لودھراں کا اڑھائی ارب کا پیکج اور لگ بھگ تین سو ارب کے کسان پیکج پر عملدرآمد کا ابھی تک نام نشان تک نہیں۔

حکومت نے چند گھنٹے قبل ہی کھاد سے سبسڈی ہٹا کر کسانوں پر خود کش حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوی کر رہے تھے اور حاضرین زیر لب مسکرا رہے تھے۔ وزیراعظم فیتے کاٹ کر اور پیکیجز کا اعلان کرکے احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔جھوٹ پر جھوٹ بولنے کی بجائے وزیر اعظم ایک سچ بول کر اپنی جان چھڑوائیں۔

متعلقہ عنوان :