صدر مملکت اوروزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات، فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال،

ہماراجینا مرنا عوام کیساتھ ہے ، حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ کو فروغ دیا ، رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا ہے ، معاشی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں،شہبازشریف وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنانے کیلئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں،صدر ممنون حسین

منگل 10 جنوری 2017 22:31

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ساڑھے تین برس کے دوران عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ کو فروغ دیا ہے جبکہ شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور پاکستان میں صرف ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی جگہ ہے۔

(جاری ہے)

یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ انتشار یا احتجاج کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہو ںنے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی مخلصانہ دوستی کا بھرپور حق ادا کیا ہے اور پورے پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

چین نے پاکستان کا ایک بار پھر ہاتھ تھام کر عظیم دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے۔ بعض رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2017 عوامی وعدوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنانے کیلئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔