Live Updates

حکومت نے کسانوں اور زرعی معیشت پر خودکش حملہ کیا ،(ن) لیگ کی حکومت کی کسان سے نفرت وعداوت سمجھ سے بالاتر ہے ،حکومت دوسال میں کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات لانے میں ناکام رہی ، فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر فیصلہ کریں گے

پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 10 جنوری 2017 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے حکومت کی جانب سے کھاد پر سبسڈی کے خاتمے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کسانوں اور زرعی معیشت پر خودکش حملہ کیا ،(ن) لیگ کی حکومت کی کسان سے نفرت وعداوت سمجھ سے بالاتر ہے ،حکومت دوسال میں کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات لانے میں ناکام رہی ، فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر فیصلہ کریں گے ۔

وہ منگل کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کا فیصلہ کس بنیاد پر کیا جا رہا ہے ، دوسال قبل جب فوجی عدالتیں قائم ہوئیں تو حالات کو ناموافق قراردیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ اتنے عرصے میں سول عدالتوں میں بہتری لائی جائے گی تاہم حکومت دو سال میں کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات لانے میں ناکام ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ، جماعت اسلامی اور (ق) لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ ہوا ہے چاہتے ہیں اپوزیشن فوجی عدالتوں سے متعلق متفقہ لائحہ عمل اپنائے ، فوجی عدالتوں سے متعلق حکومتی موقف میں ہچکچاہٹ ہے ،حکومت پہلے کچھ کہہ رہی تھی اب کچھ کہہ رہی ہے ، رانا ثناء اللہ نے فوجی عدالتوں سے متعلق کھل کو مخالفت کی تھی اب رانا ثنا ء اللہ کے لہجے میں تبدیلی نظر آرہی ہے ۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کھاد پر سبسڈی ختم کر کے کسانوں اور زرعی معیشت پر خودکش حملہ کیا، (ن) لیگ کی حکومت کی کسان سے نفرت و عداوت سمجھ سے بالاتر ہے ، نام نہاد کسان پیکج میں کاشتکاروں کو مراعات وسہولیات کے خواب دکھائے گئے ، ڈی جی خان میں 15جنوری کو پنجاب بھر کے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔(ار)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات