فیصل صالح حیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تردید کر دی

پیپلزپارٹی میں شمولیت رات کی تاریکی میں نہیں کروں گا ، بلاول بھٹو کی کامیابی کے لئے دعاگو ہوں ، فیصل صالح حیات پیپلزپارٹی کے لئے آمروں کے ظلم جھیلے ہیں ، سیاسی اننگز کا فیصلہ دوستوں کی مشاورت کے بعد کروں گا ،سابق وزیر داخلہ

منگل 10 جنوری 2017 17:36

فیصل صالح حیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تردید کر دی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2017ء) سابق وزیر داخلہ اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے دست راست اور پنجاب کے ممتاز سیاستدان مخدوم سید فیصل صالح حیات نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کی تردید کر دی ہے اور کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ اپنے رفقائے اور قریبی ساتھیوں اور کارکنوں کی مشاورت کے بعد کروں گا ۔

مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت رات کی تاریکی میں نہیں بلکہ دنیا کے سامنے فیصلہ کروں گا ۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو کر اپنی سیاسی اننگز کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کروں گا ۔ ایسے فیصلے عجلت میں نہیں کئے جاتے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں سے ان کا رابطہ ہمیشہ رہتا ہے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ان کے ذاتی مراسم ہیں ۔

(جاری ہے)

آصف زرداری سے ملاقات کراچی میں ایک دوست کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں ہوئی تھی یہ ملاقات انہتائی مثبت رہی ہے تاہم پارٹی شمولیت کا فیصلہ شادی کی تقریب میں نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے تمام سیاسی قائدین کے لئے کھلے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں میرے سیاسی کارکنوں سے رابطے ہیں اور پورے صوبے کے ہر ضلع میں انکے دوستوں کا وسیع حلقہ موجود ہے ۔

ان تمام سیاسی دوستوں اور ورکروں کی مشاورت کے بعد ہی مستقبل کے بارے میں فیصلہ کروں گا ۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے ان کی دلی وابستگی ہے یہ جماعت ہم نے ہی بنائی تھی اور اس سیاسی جماعت کے نظریئے کے تحفظ کے لئے سابق آمروں سے آزمائشیں ہی جھیلیں ہیں جب سابق آمر نے ظلموں کی انتہا کر دی تھی تو اس وقت ہی پیپلزپارٹی بارے میرے عزائم متزلزل نہیں ہوئے تھے تاہم بعد میں سیاسی امور پر اختلافات بھی پیدا ہوئے تھے اب بھی میرے پیپلزپارٹی کے لئے ان کے نیک جذبات ہیں کیونکہ ان کے سابق قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری اس پارٹی کے سربراہ ہیں انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ بلاول پنجاب میں جماعت کو دوبارہ بڑی جماعت بنانے میں کامیاب ہوں ۔

یاد رہے کہ فیصل صالح حیات کے پنجاب میں بالخصوص پورے ملک میں باالعموم لاکھوں مریدین ہیں کوینکہ وہ خود شاہ جیونہ رحمتہ اللہ کروڑیہ کے گدی نشین بھی ہیں ۔