علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور کرغستان انٹرنیشنل یونیورسٹی کا بشکیک میں ’’فاصلاتی نظام تعلیم‘‘ کا انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ

منگل 10 جنوری 2017 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور کرغستان انٹرنیشنل یونیورسٹی نے اپنے طلبہ اور اکیڈمک سٹاف کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جمہوریہ کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں "فاصلاتی نظام تعلیم" کا انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔مجوزہ انسٹی ٹیوٹ حکومت پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک عمل سے قائم کیا جائے گا۔

دونوں ممالک کی جامعات نے یہ فیصلہ کرغیز سفیر /یونیورسٹی بورڈ آف ٹرسٹی آسلبک ایڈارالیو کے اوپن یونیورسٹی کے دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔اس سلسلے میں فریقین کے درمیان رسمی معاہدے پر دستخطوں کی تقریب 20جنوری تک متوقع ہے۔

(جاری ہے)

کرغیز سفیر آسلبک نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے ساتھ باہمی شراکت داری انتہائی مفید ثابت ہوگی کیونکہ اس خطے میں اوپن یونیورسٹی فاصلاتی نظا م تعلیم متعارف کرانے کی بانی ہے۔

انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ انہیں کرغستان کی مساجد کے امام حضرات کی تعلیم و تربیت کے لئے اوپن یونیورسٹی کی شعبہ عربی و علوم اسلامیہ کی خدمات کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے انہیں یونیورسٹی کی لرننگ مینجمنٹ نظام پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے اور تعلیم سے محروم افراد کی تعلیمی ضروریات گذشتہ 42۔

سال سے کامیابی کے ساتھ پورا کررہی ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کرغیر سفیر کو آن لائن تعلیم کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات اور اس جانب قومی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ آخر میں کرغیز سفیر نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا ۔ انہوں نے یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میںنابینا افراد کے لئے قائم "ایکسسیبلٹی سنٹر"میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ڈاکٹر زاہد مجید اور ایچ ای سی کے سینئر آفیسر ،ْ رضوان شوکت نے بھی یونیورسٹی کے دورے پر آئے ہوئے کرغیز سفیر کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :