کشمیری عوام قتل و غارت گری ، ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا کررہے ہیں،حریت کانفرنس (ع)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں اور حکومت ہندکے مظالم کا سنجیدہ نوٹس لیں،ترجمان کا بیان

منگل 10 جنوری 2017 15:24

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2017ء) حریت کانفرنس (میر واعظ)نے اقوا م متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس کی جانب سے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل پر ثالثی کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس پورے خطے میں کشیدگی اور تنائوکی بنیادی وجہ ہے اور یہ اقوام متحدہ کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازع کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے مثبت قدم اٹھائے۔

گزشتہ روز ایک بیان میں حریت ترجمان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے قدیم مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کے حل کومسلسل التوا میں رکھنے سے جہاں ایک طرف جنوبی ایشیا کی دو جوہری مملکتیں مسلسل کشیدگی میں گھری ہوئی ہیں اور کشمیری عوام کو گزشتہ 70 برسوں سے شدید درد و کرب کی صورتحال کا سامنا ہے اور اس مسئلہ کی وجہ سے کشمیری عوام آئے روز قتل و غارت گری ، ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میںاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنر ل پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیری عوام کی بے مثال جانی و مالی قربانیوں اور حکومت ہند کی جانب سے ان پر ڈھائے جارہے مظالم و مصائب کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے بامعنی اقدامات اٹھائے۔دریں اثنا سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ نے ایک وفد کے ہمراہ لارن وائل ککرناگ جاکرحالیہ احتجاجی تحریک کے دوران بھارتیفورسز کے ہاتھوںشہید کئے گئے محمد اشرف ڈار اور مظفر احمد کے لواحقین کے ساتھ حریت چیرمین میرواعظ اور جملہ حریت قیادت کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور علاقے کے ڈیڑھ درجن سے زائد ہوئے شدید زخمی افراد کی عیادت کی۔

وازہ نے اس موقعہ پر فورسز کی جانب سے ان دونوں خاندانوں پر ڈھائے گئے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے علاقے میں پر امن احتجاجی تحریک کے دوران جس طرح عام نہتے لوگوںکو تشدد اور مظالم کا نشانہ بنایا گیا وہ حقوق البشر کے عالمی اداروں کیلئے چشم کشا ہے۔

متعلقہ عنوان :