ہر کسی کو عزت کے ساتھ جینے اور عزت کے ساتھ مرنے کا حق حاصل ہونا چاہئے، ڈاکٹر فاروق ستار

پیر 9 جنوری 2017 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جنوری2017ء) ہر کسی کو عزت کے ساتھ جینے اور عزت کے ساتھ مرنے کا حق حاصل ہونا چاہئے، کسی ایک طبقے کو پاکستان کی ترقی و ارتقائ کے عمل اور تعلیم وصحت کی بنیادی سہولیات سے محروم نہیں رکھا جانا چاہئے، جسمانی معذور افراد میں زبردست ٹیلنٹ موجود ہے اور اسے نظرانداز کرکے پاکستان کو ترقی نہیں دی جاسکتی۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار نے معذور افراد کیلئے کام کرنے والی فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام جیکب لائن کراچی میں ’’کراچی خودمختار رہائشی مرکز‘‘ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم نے معذور افراد کیلے صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نشستیں مختص کرنے کیلئے بل قومی اسمبلی میں جمع کرا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ گلا سڑھا نظام آپ کے وجود کو تسلیم کرنے کیلئے ہی تیار نہیں ہے تو وہ آپ کو آپ کے حقوق کیادیگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک فلاحی تنظیم کی جانب سے جو یہ مرکز قائم کیا گیا ہے یہ مرکز بنانا آئین و قانون کے مطابق حکومت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارا میئر ہے اور اب ہم جو سڑکیں بنائیں گے ان کے ساتھ فٹ پاتھوں پر معذور افراد کیلئے خصوصی ریمپ بھی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ( پاکستان) ملک کی واحد سیاسی جماعت کہ جس نے معذور پاکستانیوں کے حقوق کیلئے صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز اٹھائی ہے۔ قبل ازیں شرکائ سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور زہرا نے شرکائ کہا کہ ہماری خواہش ہے جسمانی معذور پاکستانی بھی پاکستان کی سیاست میں بھرپور اور فعال کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں معذور افراد کیلئے نشستیں مختص کرنے کے لئے بل قومی اسمبلی میں جمع کراچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان ہونے کے باوجود اسلام کی تعلیمات کو پوری طرح سے نہیں اپنا سکے، جبکہ ہمارے برعکس غیرمسلموں نے وہ درس سیکھا اور یہی وجہ ہے کہ آج غیر مسلم ممالک میں مسلم ممالک سے زیادہ انسانیت کا احترام کیا جاتا ہے۔

فلاحی تنظیم ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید رئیس نے معذور افراد کیلئے پاکستان میں ہر سطح پر آواز بلند کرنے اور انکے مسائل کے حل کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں پرایم کیو ایم (پاکستان) کے اقدامات پر کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار اور حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ معذور افراد کیلئے مؤثر انداز میں آواز بلند کی ہے،بعدازاں کنونیر ایم کیو ایم (پاکستان) ڈاکٹر فاروق ستار نے فیتہ کاٹ کر فلاحی مرکز کا افتتاح کیا اور معذور افراد میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :