وزیر مملکت ماروی میمن کا نئے غربت سروے کے حوالے سے عوام کی رائے جاننے کیلئے بہاولپور کا دورہ

پیر 9 جنوری 2017 18:48

لاہور/بہاولپور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے پیر کے روز بہاولپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے تحت رجسٹریشن، ادائیگی کے مراکز اور میونسپل کارپوریشن کا معائنہ کیا۔ رجسٹریشن کیلئے آئے ہوئے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (NSER)اپڈیٹ کے حوالے سے نئے سروے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے عوام کی رائے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

نئے سروے کے ابتدائی مرحلے کا آغاز جون سے ہر ی پور میں کیا گیاجس کے بعد ستمبر میں بہاولپور او ر اکتوبر میں سکھر اور نصیر آباد میں سروے کا آغاز کیا گیا۔ ان اضلاع میں ڈیسک رجسٹریشن کے طریقہ کار کو اپنا یا گیا۔

(جاری ہے)

بی آئی ایس پی نے ان چار اضلاع میں اب تک 5,22,018گھرانوں کا اندراج کر لیا ہے۔ اب تک 60,539 گھرانے ہری پور میں، 2,63,846گھرانے بہاولپور میں، 1,49,218سکھر میں، 48,415گھرانے نصیر آباد میں رجسٹر کئے جاچکے ہیں۔

بہاولپور میں نادرا کے تعاون سے 97مقامات پر 213کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں 4,67,527 متوقع کیسز میں سے اب تک 60%رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔ میئر عقیل نجم ہاشمی، مقامی حکومت کے اراکین اور تمام جماعتوں کے مقامی سیاست دانوں سے ملاقات میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ جنوری کے اختتام پر بہت سے مقامات پر ڈیسک رجسٹریشن کے عمل کو ختم کردیا جائیگا۔

انہوں نے NSERاپڈیٹ پر ان کی رائے جانی اور جو افراد رجسٹریشن ہونے سے رہ گئے ہیں ان کی رجسٹریشن کیلئے تجاویز لیں۔ گفتگو کے دوران، اس با ت کا فیصلہ کیا گیا کے کچھ رجسٹریشن ڈیسکس کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا جائے جہاںمزید لوگوں نے اپنا اندراج کرانا ہے۔ ان ڈیسکوں کی منتقلی سے نہ صرف رجسٹریشن کا عمل تیز ہوگا بلکہ عوام کو بھی سہولت میسر آئے گی۔

متعلقہ عنوان :