پاکستان کا آبدوز سے فائر کئے جانیوالے پہلے کروز میزائل بابر تھری کا کامیاب تجربہ

کروزمیزائل بابر تھری450 کلومیٹر ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے ، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، آرمی چیف ، ایئر چیف اور نیول چیف کی کامیابی پر قوم اور ٹیم کو مبارکباد

پیر 9 جنوری 2017 18:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) پاکستان نے آبدوز فائر کئے جانیوالے پہلے کروز میزائل بابر تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 450 کلومیٹر ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں پیر کو آبدوز سے فائر کئے جانیوالے پہلے کروز میزائل بابر تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔

یہ میزائل 450 کلو میٹر تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کا تجربہ سمندر میں نامعلوم مقام پر کیا گیا اور زیر آب موبائل پلیٹ فارم سے داغے گئے میزائل نے انتہائی کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔بابر تھری میزائل زمین سے مار کرنیوالے کروز میزائل بابر 2 کا نیا ورژن ہے جو سمندر سے ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔

(جاری ہے)

بابر ٹو میزائل کا دسمبر میں کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔بابر تھری میزائل سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجیز سے لیس ہے جس میں انتہائی جدید گائیڈینس اینڈ نیوی گیشن فیچرز موجود ہیں،یہ میزائل مختلف اقسام کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس صلاحیت کا حصول پاکستان کی جانب سے ایک بڑے سنگ میل تک پہنچنے کا ثبوت اور پاکستان کے پڑوس میں اپنائی جانیوالی نیوکلیئر سٹرٹیجیز کے موزوں ردعمل کی حکمت عملی کا اظہار ہے۔

چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،ڈی جی سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل ، کمانڈر نیول سٹرٹیجک فورس کمانڈ ، سائنسی سٹرٹیجک اداروں کے افسروں اور سائنسدانوں نے میزائل تجربہ دیکھا۔چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ چیف آف ایئر سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف نے بھی اس غیر معمولی کامیابی پر قوم اور ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :