ملکی برآمدات میں کمی زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی کا باعث ہے ‘خلدون جاوید ملک

ْزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے

پیر 9 جنوری 2017 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے کہا ہے کہ برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میںمسلسل کمی ہورہی ہے جو ملکی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین مسئلہ ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی کے باعث ملکی برآمدات مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی وائس چیئرمین میاں شہریار علی کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خلدون جاوید ملک نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 12کروڑ ڈالر کی کمی کے بعد 23ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے ہیں ۔جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر5جنوری کے اختتام پر 3ًکروڑ ڈالر کم ہوکر 18ارب 26کروڑ ڈالر ہوگئے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتیں پاکستان کی نسبت انتہائی کم ہیں جس کے باعث ان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات کمی کا شکار ہیں انہوںنے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے تجارتی پالیسی میں مختص فنڈز کو استعمال کرکے بیرون ملک نئی منڈیاں اور پاکستانی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوسکے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔