جہلم ،ْسوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ،ْ 15 زخمی

دینہ سے اسلام آباد کی جانب جانے والی کار کا ٹائر پیرسہاؤ کے قریب اچانک پھٹ گیا ،ْ ڈرائیور قابو نہ رکھ سکا مسافر وین جہلم سے راولپنڈی جا رہی تھی جس میں بچوں اور خواتین کی اکثریت سوار تھی ،ْعینی شاہدین

اتوار 8 جنوری 2017 17:20

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2017ء) سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جہلم کے قریب سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ،ْ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو زرائع کے مطابق جائے حادثہ سے 11 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ،ْ 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 8 مرد اور 5 خواتین سمیت بچہ بھی شامل ہے ،ْ زخمیوں میں خاتون اور 4 بچوں سمیت 15 افراد شامل ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دینہ سے اسلام آباد کی جانب جانے والی کار کا ٹائر پیرسہاؤ کے قریب اچانک پھٹ گیاجس کے بعد ڈرائیور اس پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ مرکزی شاہراہ پر الٹ گئی اس کے پیچھے ہی تیز رفتار وین آ رہی تھی جو اس کار پر چڑھ گئی ،ْمسافر وین جہلم سے راولپنڈی جا رہی تھی جس میں بچوں اور خواتین کی اکثریت سوار تھی۔