فلوریڈا ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے ملزم پر مقدمہ، سزائے موت کی استدعا

اتوار 8 جنوری 2017 15:30

فلوریڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جنوری2017ء) امریکہ میں استغاثہ نے ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ کرنے والے سابق سکیورٹی اہلکار پر پانچ افراد کے قتل اور چھ کو زخمی کرنے کا الزام عائد کردیا، ملزم پر الزام ثابت ہو گیا تو اسے موت یا عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ کرنے والے سابق سکیورٹی اہلکار پر پانچ افراد کے قتل اور چھ کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فلوریڈا کے فورڈ لاڈرڈیل کے ہوائی اڈیپر فائرنگ کے ملزم ایسٹبن سینتاگو پر قتل کا مقدمہ چلایا جائے گا اور اس کے لیے سزائے موت کی استدعا کی جائے گی۔ تفتیش کار اب بھی اس بابت تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ دہشت گردانہ واقعہ تھا یا نہیں۔

(جاری ہے)

26 سالہ سابقہ امریکی فوجی نے جمعے کو ہوائی اڈے پر فائرنگ کر کے پانچ افراد کو ہلاک جب کہ دیگر چھ کو زخمی کر دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ بند کر دیا گیا تھا، جو کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد ہفتے کے روز دوبارہ کھولا گیا۔ امریکی اٹارنی ویفیرڈو فیرر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ملزم پر الزام ثابت ہو گیا، تو اسے موت یا عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق مشتبہ شخص الاسکا نیشنل گارڈ کا سابق رکن تھا اور وہ اپریل 2010 سیفروری 2011 کے دوران عراق میں تعینات رہا ہے جبکہ اگست 2016 میں اس کی ملازمت ختم ہوئی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنا پر ایستیبان سینتیاگو کو نوکری سے نکالا گیا۔ان کے بھائی نے بتایا کہ حال ہی میں وہ نفسیاتی معالج کے زیرِ علاج تھے جبکہ ان کی رشتے دار خاتون نے مقامی اخبار کو بتاتا کہ عراق میں تعیناتی کے دوران ان کا ذہنی توازن خراب ہو گیا تھا۔