حکومت کا ریلیف ناکافی ہے،رئیل اسٹیٹ انڈسٹری پر ٹیکسوں کی شرح کم کی جائے،صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس خالد اقبال کی رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر رانا ارشد سے ملاقات میں گفتگو

چیمبر پراپرٹی سے متعلقہ مسائل حل کرانے میں مدد کرے، رانا ارشد

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:48

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں اسلا م آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر رانا ارشد، جنرل سیکرٹری ذوالقرنین عباسی، چیئرمین عابد خان اور چوہدری ندیم الدین کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور چیمبر کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے ا س موقع پر نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے ۔ حکومت نے گزشتہ دنوں ریلیف تو دیا ہے جو کہ ناکافی ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وعدہ کیا تھا کہ آئندہ کچھ عرصہ میں ایک اور ایمنسٹی سکیم جاری کی جائے گی امید ہے مسائل حل ہونگے۔

(جاری ہے)

حکومت فوری طور پر رئیل اسٹیٹ انڈسٹری پر ٹیکسوں کی شرح کم کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن اور چیمبر کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور تاجر برادری کے مسائل مل جل کر حل کریں گے۔اسلا م آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر رانا ارشد اور جنرل سیکرٹری ذوالقرنین عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی تعداد برابر ہونے کی وجہ سے دونوں گروپوں کو ایک ایک سال قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا گیا تھا اب فاؤنڈ ر گروپ کی باری ہے انہوںنے کہا کہ چیمبر پراپرٹی سے متعلقہ مسائل حل کرانے میں مدد کرے ۔

وفد میں چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد جاوید، چیمبر کے نائب صدر طاہر ایوب، خالد چوہدری، چوہدری عرفان، سیف الرحمن، نثار مرزا، محترمہ ناصر ہ علی ، اشفاق چٹھہ، نعیم صدیقی اور دیگر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :