ذرائع ابلاغ مثبت صحافت کو فروغ دے رہے ہیں جس سے معاشرے میں بہتری آئے گی، عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف د ن رات کوشاں ہیں

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی ملتان کے اخبارات کے مدیران اور چینلز کے بیوروچیفس سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ میڈیا کسی بھی معاشرے کا اہم ترین ستون ہوتا ہے۔ جو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی پراجیکٹس سے بھی عوام کو آگاہ کرتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے ذریعے آنے والی تجاویز لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

جدید دور میں میڈیا انتہائی اہمیت کا حامل ہوچکا ہے۔ ہمارے ذرائع ابلاغ مثبت صحافت کو فروغ دے رہے ہیں جس سے معاشرے میں بہتری آئے گی۔ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک بھی مستحکم ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی اخبارات کے ریذیڈنٹ ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

جن میں جبار مفتی، شوکت اشفاق ، آصف علی فرخ، ظفر آہیر،امجد بخاری، مہر عزیز، نوید شاہ اور صدر پریس کلب ملتان شکیل ا نجم شامل تھے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم،امن و امان کے قیام، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے مسائل کے حل اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کا مقصد عام آدمی کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ جس کے لئے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف د ن رات کوشاں ہیں۔

ملک میں بہت سے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جس کے اثرات عوام تک پہنچنے شروع ہوگئے ہیں۔ بلدیاتی نظام کی بحالی سے لوگوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔بلدیاتی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام سے رابطہ رکھیں تب ہی اس نظام کے اثرات لوگوں تک پہنچیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام چند روز قبل ہی بحال ہوا ہے اس سے متعلقہ تمام معاملات آہستہ آہستہ ٹھیک ہوجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملتان میں سیوریج کا ماسٹر پلان نیسپاک سے تیار کروایا جارہاہے جس کے بعد پورے ملتان کی سیوریج کی صورت حال سامنے آجائے گی۔ سیوریج کی کئی سکیموں پر کام جاری ہے جیسے ہی مکمل ہوں گی عوام کو واضح ریلیف ملے گا۔ ملتان میں صفائی کے معاملات کا ذکر کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ مقامی بلدیاتی نمائندو ں کو چاہئے کہ وہ صفائی کے عملے کی نگرانی کریںاور کسی بھی جگہ پر کوئی مسئلہ ہو تو اس کی فوری نشان دہی کریں۔

کونسلرز، یونین چیئرمین اور وائس چیئرمین اپنے اپنے علاقوں میں عملہ صفائی کی حاضری کو چیک کریں اور غفلت کے مرتکب اہل کاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تجاوزات بھی ایک سنگین مسئلہ ہے ایسے اہل کار جو تجاوزات میں معاونت فراہم کرتے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریڑھی اور چھابڑی والوں کے بارے میں کوشش ہے کہ ان کو کوئی الگ جگہ فراہم کردی جائے تاکہ ان کا روزگار متاثر نہ ہو۔

گورنرپنجاب نے صحت کے مسائل کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور وہ خود جا کر اچانک ہسپتالوں کا معائنہ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی کوشش ہے کہ ہر ضلع کی سطح پر ایک کارڈیک ہسپتال بنایا جائے۔حکومت مختلف شہروں میں چالیس سے پچاس ہسپتال بنانے کا سروے کررہی ہے تاکہ بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوسکے اور لوگوں کو اپنے قریبی علاقوں میں صحت کی سہولیات میسر آسکیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان کی ایمرجنسی کو مزید ایکسٹنڈ کیا جارہا ہے کڈنی سنٹرکو فنکشنل کردیا گیا ہے، چلڈرن کمپلیکس بھی جلد آپریشنل ہوجائے گا۔ نشتر ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لئے بنکرز کی تعمیر جاری ہے۔ کوشش ہے کہ ملتان میں منشیات اور دماغی امراض کا بھی ہسپتال قائم کیا جائے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملتان میں سپیشل ایجوکیشن کے سکولوں کو ایف اے تک اپ گریڈ کیاجارہا ہے تاکہ ہمارے سپیشل بچے مزید تعلیم حاصل کرسکیں۔

گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے مزیدکہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قیام سے ملاوٹ مافیا کا خاتمہ ہوگا اور عوام کو بہترخوراک میسرآئے گی۔ سیوریج کے پانی سے سبزیوں کو سیراب کرنے کے معاملے پر گورنر پنجاب نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ ملتان میں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے تاکہ فصلوں کو لگایا جانے والا سیوریج کا پانی نقصان کا باعث نہ بنے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ ضلع کچہری کی منتقلی کے حوالے سے وکلائ کی تمام تجاویز اور خدشات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی اخبارات کے ریذیڈنٹ ایڈیٹرز نے ملتان میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے تجاویز دیں کہ بلدیاتی نظام کو کامیاب بنانے کے لئے چھوٹے چھوٹے ٹارگٹس مقررکئے جائیں تاکہ عوام کو جلد ریلیف فراہم ہو۔

ریذیڈنٹ ایڈیٹرز نے مختلف مسائل کی بھی نشان دہی کی جس پر گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کی تمام تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔بعدازاں گورنرپنجاب سے الیکٹرانک میڈیا اور انگریزی اخبارات کے بیوروچیفس نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

میٹرو بس پراجیکٹ ملتان کے عوام کے لئے ایک بہترین تحفہ ہے جس کا بہت جلد وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف افتتاح کریں گے۔ جس سے ملتان کے لوگوں کو اعلیٰ میعار کی سفری سہولت میسر آئے گی۔ اس کے ساتھ ملتان شہر کے تمام علاقوں سے فیڈر بسوں کوچلایا جائے گا تاکہ شہر کے مختلف حصوں سے آنے والے لوگوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں جس کے لئے انتظامی معاملات میں بہتری لائے جائے گی۔ گورنرپنجاب نے صحافی کالونی ملتان کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ملتان کے دورے کے موقع پر صحافی کالونی کے بقایاجات بارے خود اہم اعلان کریں گے۔ اس موقع پر صدر پریس کلب شکیل انجم نے صحافی کالونی کے معاملات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

جس پر گورنر پنجاب نے صحافی کالونی کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی، چیئرمین ضلع کونسل دیوان عباس بخاری، ڈپٹی مئیر ملتان حاجی سعید انصاری، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر بلال بٹ، جنرل سیکرٹری شیخ اطہرممتاز ، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، رانا شاہد الحسن اور ملک انور علی بھی موجود تھے۔