لیاقت بلوچ سے مکہ مکرمہ میں مزدوروں ، محنت کشوں کے وفد کی ملاقات ،سعودی عرب میں پاکستانیوں ،ملک کے حالات پر تبادلہ خیال

ہفتہ 7 جنوری 2017 20:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے مکہ مکرمہ میں مزدوروں ، محنت کشوں کے وفد نے ملاقات کی اور سعودی عرب میں پاکستانیوں اور ملک کے حالات پر تبادلہ خیال کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانی ہی پاکستان کے اصل سفیر ہیں ۔ امانت و دیانت ، محنت و ہنر کا بہترین اظہار ہی پاکستان کے عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنے گا ۔

بیرون ملک پاکستانیوں پر ہمیں فخر ہے ۔ مزدوروںکے وفد نے لیاقت بلوچ کو اپنی مشکلات سے آگاہ کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے ۔ زراعت ، صنعت ، تجارت اور گھریلو صنعت میں وسیع گنجائش موجود ہے ۔ پاکستان کو اہل ، دیانت دار اور اپنی ذات و مفاد سے بالاتر ہو کر کام کرنے اور پالیسی بنانے والی قیادت مل جائے تو پاکستان اپنے قدموں پر کھڑا ہوسکتاہے ۔

(جاری ہے)

عالمی استعماری خون چوسنے والے مالیاتی اداروں سے چھٹکارا مل جائے گا ۔ پاکستان کے اندر ہی بے پناہ روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں ۔لیاقت بلوچ نے وفد کو آگاہ کیا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں ذاتی ، ادارتی ، ریاستی اور مقتدر طبقوں کی کرپشن کے خاتمہ کے لیے ملک گیر منظم تحریک چلا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی عدلیہ اور عوامی عدالت پر بیک وقت دستک دے رہی ہے ۔ 2018 ء کے انتخابات کرپشن سے نجات ، لادینیت ، بے حیائی اور مادر پدر آزاد تہذیبی یلغار سے نجات کے لیے بہت اہم ہیں ۔ پاکستان کے ووٹرز میں شعور بلند ہورہاہے ۔ ہم ووٹ سے ہی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ووٹرز ہی فیصلہ کن کردار ادا کریں گے ۔ غریب اور مظلوم عوام ظلم کے نظام سے نجات چاہتے ہیں ۔