تحریک انصاف نے وزیر اعظم اور انکے خاندان کے دفاع پر مامور وکلا ء کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات مانگ لی

وزیر اعظم ذاتی مفاد کی خاطر ریاستی وسائل کا انتہائی بیدردی سے استعمال کرنے کی ایک پوری تاریخ رکھتے ہیں،بتایا جائے وزیر اعظم پانامہ مقدمے کے اخراجات کہاں سے ادا کر رہے ہیں،وزیر اعظم کے بچوں کا دفاع کرنے والے وکلا کو بھاری معاوضے کہاں سے ادا کئے جا رہے ہیں،عندلیب عباس کا وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو خط حکومتی وزرا اور اراکین اسمبلی کی جانب سے ریاستی وسائل کے غیر قانونی استعمال پر اہم سوالات بھی خط کا حصہ ہیں

ہفتہ 7 جنوری 2017 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) تحریک انصاف نے وزیر اعظم اور انکے خاندان کے دفاع پر مامور وکلا کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات مانگ لی۔پارٹی کی سینئر رہنما عندلیب عباس نے وکلاء فیسوں بارے معلومات کے حصول کے لیے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ دیا۔حکومتی وزرا اور اراکین اسمبلی کی جانب سے ریاستی وسائل کے غیر قانونی استعمال پر اہم سوالات بھی خط کا حصہ ہیں۔

ہفتہ کو عندلیب عباس کی طرف سے لکھے گئے خط میںکہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ذاتی مفاد کی خاطر ریاستی وسائل کا انتہائی بیدردی سے استعمال کرنے کی ایک پوری تاریخ رکھتے ہیں۔بتایا جائے وزیر اعظم پانامہ مقدمے کے اخراجات کہاں سے ادا کر رہے ہیں۔وزیر اعظم کے بچوں کا دفاع کرنے والے وکلا کو بھاری معاوضے کہاں سے ادا کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل انیس-اے اور اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت وکلا کو کی جانے والی ادائیگیوں کی مصدقہ تفصیلات فراہم کی جائیں۔

سپریم کورٹ وزیر اعظم اور انکے خاندان کی جانب سے ذاتی مفادات کیلئے ریاستی وسائل کے بے جا استعمال کا فوری نوٹس لے۔عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے تنخواہیں وصول کرنے والے وزیر کیوں قومی وسائل کے بل بوتے پر شریف خاندان کے دفاع پر مامور ہیں۔عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو شریف خاندان کے دفاع کیلئے کیوں برتاجا رہا ہے۔پی ٹی وی کے ذریعے نواز شریف کو قوم سے خطاب کی آڑ میں "ذاتی صفائیاں" پیش کرنے اور قیمتی ایئر ٹائم ضائع کرنے کا موقع کیسے دیا گی۔حکومت چودہ روز کے اندر تمام معلومات فراہم کرے۔(ع ع)