کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما یوسف نقاش کا شہید مظفر نائکوں کو شاندار خراج عقیدت

جنازے کے جلوس پر آنسو گیس اور پاوا شل استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

ہفتہ 7 جنوری 2017 16:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامک پولیٹکل پارٹی جموں کشمیر کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے اخباروں کیلئے جاری اپنے بیان میں جانباز مجاہد مظفر احمد نائکوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ مجاہد مظفر احمد نائکوںجمعہ کے روز بڈکام میں بھارتی قابض فورسز کے ساتھ لڑتے ہوئے جام ِشہادت نوش کر گئے۔

نقاش نے کہا کہ شہید مظفر احمد نائکوںپورے سوپور علاقے میں مشہور تھے جس کا ثبوت کل اس جانباز شہید کے جنازہ میں شامل لاکھوں لوگوں نے دیا۔شہید کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نقاش نے غمزدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔حریت رہنما نے جنازے کے جلوس پر ٹیر گیس اور پاوا شل استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز ایسی غیر انسانی حرکتوں اور عوام پر بربریت کا مظاہرہ کرنے کے عادی بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کئی اخباروں کا حوالہ دیتے ہوئے نقاش نے کہا کہ شہید مظفر کو بندوق اُٹھانے پر مجبور کیا گیا تھا کیونکہ پولیس اور آرمی ان کو اور اُن کے اہل خانہ کو مسلسل ہراساں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم بھارتی غاصبانہ قبضے سے مکمل آزادی حاصل نہ کرتے تب تک ہمارا مال جان بالکل محفوظ نہیں ہیں۔