صحافیوں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے،سکھر میں صحافی کا اغوا افسوسناک امر ہے، جلدبازیابی یقینی بنائی جائے،پرویز مشرف

صحافی معاشرے کی آنکھیں اور کان ہیں۔سچی خبریں نشر کرنے کی پاداش میں صحافیوں کو ہراساں اور اغواہ کرنا معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ ظلم ہے، ہمارے دور میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کو مکمل آزادی تھی،جمہوریت کے چیمپینزمیڈیا کی آزادی برداشت کریں،آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پر ویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجدکا مشترکہ بیان

جمعہ 6 جنوری 2017 23:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے نجی ٹی وی کے رپورٹر امداد پھلپھوٹو کے اغواہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھیں اور کان ہیں۔سچی خبریں نشر کرنے کی پاداش میں صحافیوں کو ہراساں اور اغواہ کرنا معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ ظلم ہے۔

جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا کہ کسی بھی ملک کے عوام کا بنیادی حق ہے کہ ان تک سچی معلومات پہنچیں۔بااثر شخصیات کا طاقت کے زور پر معلومات کے ذرائع روکنا عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔سما ٹی وی کے سٹیشن ہیڈ امداد علی کو ان کے سچ بیان کرنے پر سزا دی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بے بنیاد خبر کی اشاعت کی صورت میں عدالتوں میں جانا چاہئیے۔

خود سے قانون ہاتھ میں لے لینا بااثر سیاسی شخصیت اور عوامی نمائندے کو زیب نہیں دیتا۔ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ جمہوریت کے خود ساختہ چیمپئین دراصل جمہوریت ہضم نہیں کرپارہے۔دن رات جمہوریت کی تسبیح پڑھنے والوں کے لئے شرم کا مقام ہے کہ وہ جس شخص کو آمر کہتے ہیں اسی نے پاکستان میں صحافتی اداروں اور صحافتی کارکنوں کو نہ صرف تاریخ میں پہلی مرتبہ مکمل آزادی دی بلکہ میڈیا کی صنعت کو جدید جہتوں سے روشناس کروایا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی ٹی وی کے سٹیشن ہیڈ امداد پھلپھوٹو کی بازیابی کے لئے فوری طور پراقدامات کئے جائیں اورشفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کو نشانہ عبرت بنایا جائے۔کیا انہیں اور ان کے خاندان کو سچ بولنے کی سزا دی جارہی ہے۔(ار)