سندھ ہائیکورٹ نے اربوں کی کرپشن میں ملوث سابق صوبائی وزیر پیپلزپارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست کی سماعت10 جنوری تک ملتوی کردی

جمعہ 6 جنوری 2017 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) عدالت عالیہ سندھ نے اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث سابق صوبائی وزیر پیپلزپارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست کی سماعت10 جنوری تک ملتوی کردی،جمعہ کو درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شرجیل انعام میمن کو جو بیماری لاحق ہے اس بیماری میں ججز عدالتی امور نمٹاتے ہیں ،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شرجیل انعام میمن واپس نہیں آنا چاہتے جو میڈیکل سرٹیفکٹ پیش کیا گیا ہے اس میں بیڈ ریسٹ تجویز کیا گیا ہے جو ملک میں بھی ہوسکتا ہے ،سماعت کے موقع پر شرجیل انعام میمن کی جانب سے 28 جنوری کا امارات ائیر لائن کا واپسی کا ٹکٹ بھی پیش کیا گیا،عدالت کے مطابق ملزم شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت ختم اور زر ضمانت ضبط ہوچکی ہے ،اس کے علاوہ بار بار ضمانت میں توسیع لینے پر شرجیل انعام میمن پر15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جاچکا ہے ،ملزم کی آخری مرتبہ یکم دسمبر کو 26 دسمبر تک ضمانت میں توشیع کی گئی تھی،شرجیل انعام میمن ودیگر کے خلاف سرکاری خزانے کو5 ارب روپے سے ذائد نقصان پہنچانے کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔