مسلم ملکوں اور معاشروں میں قتل و غارت گری دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے،مزمل اقبال ہاشمی

حکمران سیاسی، معاشی و معاشرتی نظاموں کے لیے مغرب کی بجائے سیرت النبیؐ سے رجوع کریں،مسئول جماعة الدعوة کراچی

جمعہ 6 جنوری 2017 22:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سیرت نبویﷺ سے رہنمائی نہ لینے کی وجہ سے فرقہ وارنہ سوچ فروغ پا رہی ہے۔ سیرت النبیﷺ کا ہر پہلو ہر دور میں قابلِ عمل رہا ہے۔ فتنہ تکفیر نے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ مسلم ملکوں اور معاشروں میں قتل و غارت گری دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے۔

حکمران سیاسی، معاشی و معاشرتی نظاموں کے لیے مغرب کی بجائے سیرت النبیﷺ سے رجوع کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے تمام انبیاء نے کفر و شرک کے خاتمے اور توحید الٰہی کے پرچار کے لیے جدوجہد کی ہے۔

(جاری ہے)

دنیامیں امن‘ اسلام کے سنہری اصولوں کو اختیار کرنے سے ہی آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عیسائیت کے پیروکاروں نے سب سے زیادہ دہشت گردی اور قتل و غارت گری کو فروغ دیا ہے۔ جب انبیاء کے راستے کو ترک کر دیا جائے اور اپنے خود ساختہ اصولوں کی پیروی اختیار کی جائے تو نتیجتاً دنیا میں فتنہ و فساد برپا ہو گا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ حب النبیﷺ کا تقاضا یہی ہے کہ ہم رسول اللہﷺ کے طریقے کو اختیار کر کے دنیا میں ظلم و شرک کا خاتمہ کریں۔

حب رسولﷺ کے نام پر اپنے خود ساختہ طریقوں کو اختیار کرنا سراسر گمراہی ہے۔ مسلمانوں نے جب سیرت رسولﷺ سے رہنمائی لینا ترک کر دی تو مسلم معاشروں میں قتل و غارت گری اور فتنہ و فساد کے لیے راہیں ہموار ہوئیں۔ فتنہ تکفیر اور گمراہی کے خاتمے کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔#

متعلقہ عنوان :