صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی تھیلسیمیا فری پنجاب کیلئے اقدمات تیز کرنے کی ہدایت

وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی زیر صدارت ریفارمز کمیٹی تشکیل دے دی گئی

جمعہ 6 جنوری 2017 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کو تھیلسیمیاسے پاک کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس مقصد کے لئے پنجاب تھیلسیمیا پریوینشن اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب تھیلسیمیاپریوینشن پروگرام کو اس مقصد کے لئے تیزی سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بات آج یہاں صوبے میں تھیلسیمیاکی روک تھام کے لئے پنجاب تھیلسیمیاپریوینش پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور پروگرام کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ،وائس چانسلر FJMUپروفیسر ڈاکٹر فخر امام،سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان ،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈویلپمنٹ مسرت جبین،پراجیکٹ ڈائریکٹر PTPPڈاکٹر شبنم بشر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا کیا کہ تھیلسیمیاکی روک تھام کا پروگرام24اضلاع میں کام کررہا ہے۔اس کو 36اضلاع تک وسعت دی جارہی ہے۔ڈاکٹر شبنم بشر نے بتایا کہ تھیلسیمیاسے بچا? کے لئے شادی سے پہلے لڑکی اور لڑکے کا تھیلسیمیاٹیسٹ کرانے کی ترغیب کے سلسلہ میں کونسلنگ پروگرام بھی جاری ہے اور Pre-natalسکریننگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ DNAٹیسٹ اور ہیماٹولوجی لیبارٹری بھی قائم کر دی گئی ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ حکومت ہیماٹولوجی لیبارٹری کا دائرہ کاربڑھانے اور اس میں دیگر Geneticڈس آرڈرز کی تشخیص کی سہولت شامل کرنے کے اقدامات کررہا ہے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تھیلسیمیاکی روک تھام کے لئے بھرپور عوامی آگاہی مہم کی ضرورت ہے جس میں ایم پی اے اور ایم این اے کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے جو مقامی سطح پر موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے اس موقع پر ایک ریفارمز کمیٹی وائس چانسلر FJMUپروفیسر سردار فخر امام کی سربراہی میں تشکیل دینے کی ہدایت کی جو پنجاب تھیلسیمیاپریوینشن اتھارٹی کے قیام کے سلسلہ میں ایکٹ کی تیاری اور دیگرTORsکا ڈرافٹ تیار کرکے ایک ہفتہ میں پیش کرے گی۔ڈاکٹر شبنم بشیر نے اس موقعہ پر بتایا کہ شادی سے پہلے تھیلسیمیاٹیسٹ لازمی قرار دینے کے لئے مسودہ قانون محکمہ قانون کو بھجوادیا گیا ہے۔