افغانستان ، مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہزارہ برادری کے 13کان کنوں کو قتل کردیا

افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 36شدت پسند ہلاک ، 71 زخمی، خودکش حملے میں شہری ہلاک ، 10افراد زخمی افغانستان اب بھی خطرناک ملک اور چیلنجز باقی ہیں ،امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا اعتراف امریکہ افغان حکومت اور سیکورٹی فورسز کی مدد جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنے ملک کی خود حفاظت کرسکیں،افغانستان میں علیحدہ انسداد دہشتگردی مشن بھی جاری ہے جو امریکہ کیلئے ملک کی سلامتی اور حفاظت کیلئے بہت اہم ہے پینٹاگون کے پریس سیکرٹری پیٹر کک کی صحافیوں کوبریفنگ

جمعہ 6 جنوری 2017 21:27

کابل/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) افغانستان میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہزارہ برادری کے 13کان کنوں کو قتل کردیا جبکہ افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 36شدت پسند ہلاک اور 71دیگر زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ فریاب میں ایک خودکش حملے میں ایک شہری ہلاک اور 10افراد زخمی ہوگئے ،دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعتراف کیا ہے کہ افغانستان اب بھی خطرناک ملک اور چیلنجز باقی ہیں ،امریکہ افغان حکومت اور سیکورٹی فورسز کی مدد جاری رکھے گا۔

جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبے بغلان میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 13افراد کو قتل کردیا۔ضلعی گورنر فیض محمد امیری نے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے کان کنوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7کان کن ہلاک ہوگئے جبکہ زخمیوں میں سے 6مزید دم توڑ گئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 13ہوگئی ۔

(جاری ہے)

تین کان کن زخمی ہیں۔تمام کان کنوںکا تعلق شیعہ ہزارہ برادری سے ہے ۔

تاحال کسی بھی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم امیری کا کہنا ہے کہ حملے میں داعش ملوث ہے جو اس سے قبل بھی ہزار ہ برادری کو نشانہ بنا چکی ہے ۔ادھر افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 36شدت پسند ہلاک اور 71دیگر زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے مختلف صوبوں میں انسداد دہشتگردی آپریشنز کیے جس میں 36جنگجو مارے گئے ۔

آپریشنز صوبہ لوگر ،کپیسا،پکتیکا ،پکیتا،ننگرہار،غزنی،قندھار،ارزگان،ہرات ،نمروز،ہلمند ،سرائے پل،تخار ،قندوز،بلغ اور فریاب میں کیے گئے ۔آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا ۔ صوبہ فریاب میں ایک خودکش حملے میں ایک شہری ہلاک اور 10افراد زخمی ہوگئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے ضلع قیصر میں خود کو ایک کمانڈر کی گاڑی کے سامنے اڑا لیا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ افغانستان اب بھی خطرناک ملک اور چیلنجز باقی ہیں ۔امریکہ افغان حکومت اور سیکورٹی فورسز کی حمایت جاری رکھے گا۔پینٹاگون کے پریس سیکرٹری پیٹر کک نے صحافیوں کو بتایا کہ افغانستان میں امریکی فوج افغان حکومت اور اسکی مسلح افواج کی مدد جاری رکھے گی تاکہ وہ اپنے ملک کی خود حفاظت کرسکیں۔

انکا کہنا تھاکہ فوجی جنرل ڈبلیو نکلسن ،کمانڈرری سلیوٹ سپورٹ مشن اور امریکی فورسز اور انکی ٹیم افغانستان کی مسلح افواج ا ور حکومت کے ساتھ بہت قریبی تعاون کررہے ہیں۔کک کاکہنا تھاکہ افغانستان میں علیحدہ انسداد دہشتگردی مشن بھی جاری ہے جو امریکہ کیلئے ملک کی سلامتی اور حفاظت کیلئے بہت اہم ہے ۔ہم افغانستان میں صورتحال کو اچھا محسوس کرتے ہیں ۔افغان سیکورٹی فورسز اپنی لڑانے کی صلاحتیوں میں اضافہ کررہی ہیں تاہم افغانستان اب بھی خطرناک ہے اور چیلنجز موجود ہیں۔