پاکستان کے عوام کو شام ، ترکی ، برما اور کشمیر میں جاری خون ریزی ، دہشتگردی پر پریشانی اور گہری تشویش لاحق ہے ، حلب پر ہونے والی اندھا دھند بمباری سے قیامت صغریٰ برپا ہو گئی ہے جس پر عالم اسلام میں صدمہ اور غم کی کیفیت ہے ۔ اس سنگین صورتحال پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ عالمی برادری صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے ۔ مسلم ممالک تقسیم در تقسیم ہیں،جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی ہندوستان ، شام اور ترکی کے نمائندہ وفد سے گفتگو

جمعہ 6 جنوری 2017 21:03

مکہ مکرمہ/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مکہ مکرمہ میں نماز جمعہ کے بعد ہندوستان ، شام اور ترکی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام کو شام ، ترکی ، برما اور کشمیر میں جاری خون ریزی ، دہشتگردی پر پریشانی اور گہری تشویش لاحق ہے ۔

شام کے تاریخی شہر حلب پر ہونے والی اندھا دھند بمباری سے قیامت صغریٰ برپا ہو گئی ہے جس پر عالم اسلام میں صدمہ اور غم کی کیفیت ہے ۔ اس سنگین صورتحال پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ عالمی برادری صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے ۔ مسلم ممالک تقسیم در تقسیم ہیں ۔ استعمار ہر مسلم ملک کے خلاف اقدامات کر رہاہے ہر ملک اپنے اپنے دفاع میں لگاہو ہے جبکہ خطرہ اور ظلم کا ایجنڈا بڑا وسیع ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اتحاد امت ناگزیر ہے تاکہ کشمیر ، فلسطین ، شام عراق ، یمن کے مسائل حل ہوں ۔ لیاقت بلوچ نے وفد میں شامل ارکان خصوصاً نوجوانوں سے کہاکہ اسلام ہی مسلمانوں کے مسائل کا حل ہے ۔ تفرقہ ، نفرتیں اور خود غرضی اہل ایمان کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔ قرآن و سنت سے مضبوط تعلق ہی امت واحدہ بنا سکتاہے ۔ پاکستان کے عوام کے دل عالم اسلام کے ہر غم اور درد پر دھڑکتے ہیں اور ہر غم اور درد کو اپنا غم محسوس کرتے ہیں ۔

پاکستان کے عوام خواہش رکھتے ہیںکہ کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ مظلوم عوام کو بھی پوری امت اپنا غم اور دکھ محسوس کرے اور کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم ، قتل و غارتگری پر آواز بلند کی جائے ۔ جماعت اسلامی مصر میں گزشتہ 42 ماہ سے جاری ظلم و بربریت پر گہرے دکھ اور درد کو محسوس کرتی ہے ۔ مصر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ۔