ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے خلاف اسلحہ برآمدگی کیس کا چالان منظور

جمعہ 6 جنوری 2017 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2017ء) انسدا دہشت گردی کی منتظم عدالت کے جج نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے خلاف اسلحہ برآمدگی کیس کا چالان منظور کرتے ہوئے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 9میں منتقل کردیا ہے ۔کیس کی مزید سماعت 12جنوری کو ہوگی ۔جمعہ کو نبی بخش پولیس نے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کا اسلحہ بر آمدگی کیس کا چالان انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا ۔

(جاری ہے)

چالان کے متن کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اسلحہ برآمد گی سمیت متعدد قتل کی وارداتوں سمیت سانحہ بارہ مئی اور لیاری میں محبت سندھ ریلی میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔دوران گرفتاری ملزم کامران فاروقی سے چوری کی موٹر سائیکل بھی بر آمد کی گئی تھی۔موٹر سائیکل گارڈن کے علاقے سے نومبر 2015میں چوری ہوئی تھی ۔ملزم سے دوران گرفتاری نائن ایم ایم پستول ،ہینڈ گرنیڈ بمعہ ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے تھے ۔پولیس نے ملزم کے خلاف اسلحہ ہینڈ گرنیڈ رکھنے کے مقدمات رینجرز کی مدعیت میں درج کیے تھے ۔عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کردہ چالان منظور کرتے ہوئے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 9میں منتقل کردیا ہے ۔کیس کی مزید سماعت 12جنوری کو ہوگی ۔