پنجاب حکومت کا ورلڈ فوڈپروگرام کے تعاون سے سکول فیڈنگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

سکولوں میں طالبعلوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ضروری وٹامنز سے مزین غذا مہیا کی جائے گی‘صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود

جمعہ 6 جنوری 2017 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2017ء) صوبائی حکومت تعلیمی پسماندگی کے شکار اضلاع میں بے وسیلہ گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کی غرض سے سکول فیڈنگ پروگرام شروع کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت سرکاری سکولوں میں طالبعلوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ضروری وٹامنز سے مزین غذا بھی مہیا کی جائے گی۔ اس اقدام سے غربت کی بنا پر غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کو خصوصی فائدہ پہنچے گااور دوسری جانب والدین کو بھی یہ تحریک ملے گی کہ وہ اپنے بچوں کو سکول بھیجیں۔

اس حوالے سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ورلڈ- فوڈ پروگرام کے نمائندوں کا ایک نجی ہوٹل میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پرورلڈ فوڈ پروگرام کے انٹر نیشل ٹیکنیکل مشن ، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سکول فیڈنگ پروگرام کے اجراء کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر رانا مشہود نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی صحت کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانا چاہتی ہے ۔ہم اپنے بچوں کو غربت کی بنا پر بیماریوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔اس پروگرام کی بدولت متوازن غذا سے محروم طالبعلم مختلف بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرا م سرکاری سکولوں کیلئے مختلف غذائی ماڈلزمتعارف کروانے کے حوالے سے حکومت پنجاب کو ضروری راہنمائی فراہم کرئے گا۔اس طرح غذائیت سے بھرپورخوراک کی فراہمی سے طالبعلموں میں حصول علم میں دلچسپی بڑھے گی اور پسماندہ علاقوں میںسکول انرولمنٹ میں بھی اضافہ ہو گا۔