اوباما انتظامیہ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا

حمزہ بن لادن امریکی شہریوں اور امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں،ترجمان امریکی وزارت خارجہ

جمعرات 5 جنوری 2017 23:27

اوباما انتظامیہ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کو دہشت گردوں کی فہرست میں ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2017ء) اوباما انتظامیہ نے امریکہ پر گیارہ ستمبر کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کے بیٹے کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حمزہ بن لادن امریکی شہریوں اور امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔اسامہ بن لادن کے جانشین ایمن الزواہری نے 2014 میں حمزہ بن لادن کو القاعدہ کا رکن قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ حمزہ بن لادن نے 2015 میں ایک آڈیو پیغام میں مغربی دارالحکومتوں پر دہشت گردانہ حملوں کی بات کی تھی۔ گذشتہ سال بھی انھوں نے دھمکی دی تھی کہ امریکیوں کو ان کے گھر اور دوسرے ممالک میں نشانہ بنایا جائے گا۔القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی خصوصی فورسز کے ایک حملے میں مارے گئے تھے۔امریکی وزارتِ خارجہ کے کسی شخص کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطلب ہوتا ہے کہ کوئی بھی امریکی شہری ان سے کاروبار نہیں کر سکتا اور امریکہ جہاں تک ممکن ہو ان کے اثاثے منجمد کر سکتا ہے۔