جب بلاول اور آصف علی زرداری کی جوڑی پارلیمنٹ میں پہنچے گی تو ن لیگ کی نیند اڑ جائے گی، بلاول بھٹو زرداری

میں نے بیگم نصرت بھٹو کی نشست این اے 204 سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ،عوام ووٹ اور دعاؤں سے بی بی کے بیٹے کو ضمنی انتخابات میں کامیاب کریں گے

جمعرات 5 جنوری 2017 23:16

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب بلاول اور آصف علی زرداری کی جوڑی پارلیمنٹ میں پہنچے گی تو ن لیگ کی نیند اڑ جائے گی۔ لاڑکانہ میں منعقدہ بانی پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 89 سالگرہ کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں نے بیگم نصرت بھٹو کی نشست این اے 204 سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے لاڑکانہ کے عوام ووٹ اور دعاؤں سے بی بی کے بیٹے کو ضمنی انتخابات میں کامیاب کریں گے جبکہ پارلیمنٹ میں میرا اور آصف علی زرداری کا کمبینیشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات کے حق میں پارلیمنٹ اور روڈوں پر ہونگے۔ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 89 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا جس میں ایم این اے فریال تالپور، نثار احمد کھوڑو، میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے فریال تالپور کے ہمراہ بیگم نصرت بھٹو وومن لائبریری اور ملٹی پرپز ہال کا بھی افتتاح کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں کی لاڑکانہ آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں نوڈیرو بھٹو ہائوس میں لاڑکانہ کے بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی چیئرمین، میئر لاڑکانہ سمیت ڈسٹرکٹ کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں این اے 204 کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی جبکہ بلدیاتی نمائندوں نے اپنے اپنے حلقوں میں درپیش مسائل سمیت جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ بھی دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔