دسمبر2016 کے دوران ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

جمعرات 5 جنوری 2017 22:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) سال2015 کے دوران کاروباری شعبے میں زبردست نمو دیکھنے میں آئی اور دسمبر2016 کے دوران ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایس ای سی پی کی جانب سے وسیع پیمانے پر کی گئی اصلاحات کی بدولت سال 2016 کے آخری چھ ماہ کے دوران ان کارپوریٹ کی گئی کمپنیوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔

ملک میں کارپوریٹائزیشن کے فروغ کے لئے کثیر جہتی حکمتِ عملی اختیار کی گئی ہے جس کے تحت کمپنی رجسٹریشن کے دفاتر کو از سرِ نو متحرک کرنا، قانونی اصلاحات، انفرمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کا استعمال، طریق کار سہل بنانا اور سرمایہ کاروں کی آگہی اور سہولیات کی فراہمی اس ضمن میں معاون ثابت ہوئی۔

(جاری ہے)

انکارپوریشن کو آسان بنانے کے لئے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے کمپنی رجسٹریشن دفاتر میں انکارپوریشن اور سہولت ڈیسک قائم کئے گئے ہیں۔

یہ ڈیسک عوام الناس کو راہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ یقینی بناتے ہیں کہ اگر درخواست دوپہر سے پہلے موصول ہو توکمپنی کی رجسٹریشن کا عمل اسی دن مکمل کرکے کمپنی رجسٹر کر لی جائے اور اگر درخواست بعد از دوپہرموصول ہوتو اگلے دن صبح صبح کمپنی کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے۔ان اقدامات کا مقصد کاروبار کا فوری آغاز یقینی بنانا،لاگت میں کمی لانا اورانضباطی تقاضوں کو کم سے کم رکھنا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو کاروبار کے لئے سہولتیں دی جائیں۔

ان اقدامات کی بدولت کاروبار کو باقاعدہ بنانے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی حکومتی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے دسمبر میں مجموعی طور پر سات سو تین کمپنیاں رجسٹر کیں۔ رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں پچاسی فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ،تیرہ فیصد سنگل ممبرجبکہ باقی دو فی صد میں پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش انجمنیں اور غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ سب سے زیادہ کمپنیاں خدمات کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعدادایک سو چالیس ہے، تجارتی شعبے میں پچانوے، تعمیرات میں انہتر،انفرمیشن ٹیکنالوجی میں چھپن، سیاحت میں تینتیس، انجینئر نگ میں چوبیس، کھانے پینے و مشروبات میں اکیس، آٹو اور اس سے متعلقہ شعبوں میں انیس، ایندھن اور توانائی میں اٹھارہ، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ، تعلیم، ایندھن اور توانائی، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں سترہ سترہ، ٹرانسپورٹ میں سولہ،مواصلات، صحت کی دیکھ بھال، اور پاور جنر یشن کے شعبے میں چودہ چودہ، ٹیکسٹائل اور دوا سازی میں دس دس، اور ننانوے کمپنیاں دیگر مختلف شعبوں میں جبکہ چھ غیر ملکی کمپنیاں اسلام آباد اور کراچی میں رجسٹر ہوئیں۔

علاوہ ازیں پچاس کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق افغانستان،آسٹر یلیا، چین، مصر، ایران، نائیجیریا، ناروے، سنگا پور، سوٹزرلینڈ، یوکرائن، امریکہ اور برطانیہ سے ہے۔ دسمبر میں سب سے زیادہ رجسٹریشن اسلام آبادکے کمپنی رجسٹریشن آفس میں ہوئی جہاں دو سو چالیس کمپنیا ں رجسٹر ہوئیں جبکہ لاہورمیں دو سو سات، کراچی میں ایک سو ساٹھ، پشاور میں اڑتیس، ملتان میں انتالیس، فیصل آباد میں دس، کوئٹہ میں سات،اورسکھراور گلگت میں ایک ایک کمپنی رجسٹر ہوئی۔

متعلقہ عنوان :