ذوالفقار علی بھٹو جیسی شخصیت دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتی ہے ،یوسف رضا گیلانی

بھٹو صاحب نے اس ملک کو آئین دیا اور اداروں کو مضبوط بنایا ،ایک عظیم لیڈر کی زندگی لے لی گئی یہ کسی ناانصافی سے کم نہیں پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے جانوں کے نظرانے پیش کیے ہیں ،ہمارا نعرہ روٹی ،کپڑا اور مکان ہے جو عوام کو ضرور ملے گا ۔، ذوالفقار علی بھٹو کی 89ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب

جمعرات 5 جنوری 2017 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو جیسی شخصیت دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتی ہے ۔ اگر شہید بی بی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو ہوتے تو ملک ترقی کی راہ میں گامزن ہوتا۔بھٹو صاحب نے اس ملک کو آئین دیا اور اداروں کو مضبوط بنایا ۔

ایک عظیم لیڈر کی زندگی لے لی گئی یہ کسی ناانصافی سے کم نہیں ہے ۔پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے جانوں کے نظرانے پیش کیے ہیں ۔ہمارا نعرہ روٹی ،کپڑا اور مکان ہے جو عوام کو ضرور ملے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کراچی بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ذوالفقار علی بھٹو کی 89ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک اور دیگر بھی موجود تھے ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن آج مجھے اپنی تقریب مدعو کیا ہے جو کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔اپنی ضمانت کرواکے اس پروگرام میں آیا ہوں ۔مجھے پانچ سال سزا دی گئی۔میں نے دس سال جیل کاٹی اور اب میں با عزت بری ہو گیاہوں ۔

کراچی بار کی آئین کی بحالی کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں ۔اس ملک کوبنانے والے وکیل تھے۔اس ملک کو بچایا تو وہ وکیل تھے۔ذوالفقار علی بھٹو بھی وکیل تھے۔انہوںنے کہا کہ آج ایک عظیم دن ہے ۔جس شخصیت کی سالگرہ منا رہے ہیں آج ان کی ضرورت محسوس ہورہی ہے۔ اگر شہید بی بی اور شہید زوالفقار علی بھٹو ہوتے تو ملک ترقی کی راہ میں گامزن ہوتا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو ایسی شخصیت ہے جس نے ملک کو آئین دیا۔

ان جیسی شخصیت اب دوبارہ پیدا نہیں ہوگی ۔ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی لے لی گئی یہ کسی نا انصافی سے کم نہیں ہے ۔ڈکٹیٹر بھی بھٹو صاحب کے نعرے لگاتے تھے کہ ہم آپ کے آئین کو بحال کریں گے ۔ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں نیوکلیئر پاور منصوبے کی بنیاد رکھی اور عوام کو باور کرایا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 1973کا آئین مکمل کیا ۔

مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں وزیراعظم بنوں گا ۔ہماری پارٹی نے اپنا پانچ سالہ دور حکومت مکمل کیا ۔ہمارے دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا جس سے جس سے کافی لوگ فائدہ حاصل کر رہے ہیںجبکہ پیپلز پارٹی نے صوبہ سرحد کو خیبر پختونخوا کا نام بھی دیا۔انہوںنے کہا کہ بہت سی جگہوں پر خواتین کو ووٹ دینا حاصل نہیں تھا مگر ہم نے ان کو یہ حق واپس دلایا اور اب خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ اگر آپ اپنے اداروں کو خود کمزور کریں گے تو کون آپ کے اداروں کو مضبوط کریگا۔ہم اداروں کو ترجیح دیتے ہیں ۔ہم نے پارلیمنٹ کے تقدس کوبحال کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تقریب میں سید قائم علی شاہ اور فاروق ایچ نائیک بھی موجود ہیں ۔ان دونوں شخصیات نے ملک میں جمہوریت اور آئین کے تقدس کو بحال رکھنے کے لیے بہت کام کیا ہے ۔تقریب کے موقع پر ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔#