جناح ہسپتال میں نیوکلیئر میڈیسن کا شعبہ اور جدید ڈائیگناسٹک سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 5 جنوری 2017 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ جناح ہسپتال میں پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کینسر کے مریضوں کی تشخیص کے لئے نیو کلیئر میڈیسن کا شعبہ قائم کیا جا رہا ہے اور ہسپتال میں ایک جدید تشخیصی مرکز بھی قائم کیا جائے گا جہاں ریڈیالوجی اور لیبارٹری کی تشخیصی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے دیگر ہسپتالوں کے مریض بھی استفادہ کر سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبے نجی شعبے کے تعاون سے مکمل کئے جا رہے ہیں تاہم ہسپتال کے مریضوں کو یہ سہولت بلا معاوضہ دستیاب ہو گی ۔ انہوں نے یہ بات آج اپنے دفتر میں جناح ہسپتال میں نئے شعبے قائم کرنے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج / جناح ہسپتال پروفیسر محمود شوکت ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ مسرت جبین ، چیف پلاننگ آفیسر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ عبدالحق بھٹی کے علاوہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے افسران اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ کینسر کی تشخیص کے لئے گیما کیمرہ نصب کیا جائے گا جبکہ ڈائیگاناسٹک سنٹر میں ایم آر آئی کی سہولت دستیاب ہو گی ۔سیکرٹری نجم احمد شاہ نے کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں کے بارے میں ایک ہفتے کے اندر فزیلبٹی رپورٹ اور ٹی او آرز تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کئے جائیں تاکہ منصوبے پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کا آغاز کیا جا سکے

متعلقہ عنوان :