صدر اسلامی یونیورسٹی سے انجنیئر امیر مقام کی ملاقات ، تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال

جمعرات 5 جنوری 2017 18:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2017ء) وزیر اعظم کے خصوصی مشیر انجینئر امیر مقام اور صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کے مابین ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور شعبہ تعلیم میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ جمعرات کے روز ہونے والی اس ملاقات میں جامعہ کے ذیلی کیمپس کے قیام اور جامعہ کے فاصلاتی نظام کی رسائی سوات اور خیبرپختوانخواہ کے دیگر طلباء تک ممکن بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

انجینئر امیر مقام نے اسلامی یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں خیبر پختونخواہ کے طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد تحصیل علم میں مصروف ہے جو اسلامی اقدار کی روشنی میں اعلیٰ و معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نے کہا کہ دیہی علاقوں کے طلباء و طالبات کی معیاری تعلیم تک رسائی ملکی خوشحالی اور روشن مستقبل کی مظہر بن سکتی ہے۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اس موقع پر تعلیمی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کے پی کے ہونہار طلباء و طالبات کو جامعہ وظائف مہیا کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ موجودہ حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور تعلیم ہی انتہا پسندی جیسے مسائل کے چھٹکارے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ صدر اسلامی یونیورسٹی نے انہیں بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی امن کے فروغ میں پیش پیش ہے اور اس ضمن میں جامعہ کئی ایک کانفرنس اور سیمینار کا انعقاد کر چکی ہے۔

آخر میں صدر جامعہ نے انجینئر امیر مقام کویونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ اور مطبوعات بھی پیش کیں۔ ملاقات میں اسلامی یونیورسٹی کے ڈائیریکٹر درس وتدریس ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی، ڈائریکٹر جنرل جامعہ خالد محمود راجہ اور مشیر صدر جامعہ ڈاکٹر عزیز الرحمان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :