کے الیکٹرک کی اووربلنگ میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ،ْمحمد یامین

ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں درخواستوں کی سماعت کے موقع پر ایڈوائزر وفاقی محتسب کی گفتگو

جمعرات 5 جنوری 2017 16:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) کے الیکٹرک کی اووربلنگ میں تشویشناک حدر تک اضافہ ہوگیا ، محتسب عدالت میں کے الیکٹرک کے خلاف شہریوں کا شدید ردِ عمل نظرآرہا ہے یہ بات وفاقی محتسب اعلیٰ ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہی وہ ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں کے الیکٹرک کے خلاف غریب شہریوں کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کر رہے تھے۔

محمد یامین نے کہا کہ کے الیکٹر ک کے رویے سے غریب شہری بلبلا اٹھے ہیں اور کے الیکٹرک کے دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتِ حال میں محتسب عدالت شہریوں کی شکایتیں سننے والامنفرد ادارہ ہے جہاں بغیر کسی فیس اور بغیر کسی وکیل کے انصاف فراہم کیا جارہا ہے۔ محتسب عدالت میں موجود درخواست گذار محمد یونس نے بتایا کہ اس کا گھر8 ماہ سے بند ہے اس کے باوجود 48,000/-روپے کا اضافی بل آگیا ہے جس پر کے الیکٹرک کے نمائندے وقاص احمد نے اپنی رپورٹ پیش کی جس میں بجلی چوری کا الزام لگایا گیا تھا محتسب عدالت نے بجلی چوری کا الزام مسترد کرتے ہوئے اضافی بلنگ کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

درخواست گذار سید ساجد حسین نے محتسب عدالت کو بتایا کہ وہ سندھ حکومت کا ریٹائرڈ ملازم ہے پینشن پر گذارہ ہوتا ہے گھر کا سامان بیچ کر بھی بجلی کا بل نہیں بھرسکتا اسے اووربلنگ سے نجات دلائی جائے محتسب عدالت کے جج محمد یامین نے کے الیکٹرک کے نمائندے کی مشاورت سے اضافی بلنگ کا خاتمہ کردیا۔ مدعی غنی نواز بیگ کی جگہ خاتونِ خانہ نے محتسب عدالت کو بتایا کہ ہر ماہ باقاعدگی سے بل ادائیگی کے باوجود کے الیکٹرک نے 70ہزار روپے کا بل بھیجدیا ہے جس کو وہ نہیں بھرسکتی لہٰذا محتسب عدالت سے انصاف کی اپیل ہے محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کو حکم دیا کہ وہ مذکورہ بل کو ریوائزکرکے بقیہ رقم کو قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا۔

درخواست گذات رئیس بیگ نے کہا کہ اس کے گھر کا بل کنسٹرکشن کا آرہا ہے جو کہ 38روپے یونٹ ہے باربار درخواست دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی جس پر محتسب عدالت نے بل کو درست کرنے اور ریزیڈینشل کرنے کا حکم دیا۔ مدعی محمد عقیل نے محتسب عدالت سے اپنی درخواست میں شکایت کی کہ اسے کے الیکٹرک نے اضافی بل بھیج دیا ہے اس کو وہ بھرنے سے قاصر ہے محتسب عدالت کے جج نے کیس کا جائزہ لینے کے بعد نہ صرف اضافی بلنگ کا خاتمہ کردیا بلکہ بقیہ رقم 18قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا۔

مدعی خورشید احمد نے اووربلنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے محتسب عدالت سے استدعا کی اسے میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم دیا جائے جس پر محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کی سرزنش کے بعد میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم دیا۔ مدعیہ رفیقہ نے بتایا کہ وہ انتہائی غریب ہے اور بیوہ ہے بچے کا جوس کا ٹھیا ہے جس سے گھر کی دال روٹی چلتی ہے جبکہ کے الیکٹرک نے اسے 79474/-روپے کا بل بھیجدیا ہے اس کو بھرنے سے وہ قاصر ہے کے الیکٹرک کے دفتر چکر لگا کر بیمار پڑگئی ہے محتسب عدالت سے انصاف کی درخواست ہے۔

محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کو دوبارہ سروے کا حکم دیاتاکہ ناجائز بل کاخاتمہ ہوسکے۔ مدعیہ فرزانہ زاہد نے بتایا کہ وہ ہیپاٹائیٹس کی مریضہ ہے علاج کیلئے پیسے نہیںہیں اوپر سے کے الیکٹرک نے ایک لاکھ روپے سے زائد کا بل بھیجدیا ہے جسے وہ بھرنے سے قاصر ہے محتسب عدالت نے کیس کا جائزہ لینے کے بعد اسے وفاقی محتسبِ اعلیٰ کے رجسٹرار کو بھیجدیا۔ مدعی حبیب احمد عباسی نے محتسب عدالت کو بتایا کہ وہ کے الیکٹرک کی اووربلنگ کی وجہ سے بے حد پریشان ہے انصاف دلایا جائے۔ محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کے الیکٹرک کو میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :